عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سیکورٹی اہلکاروں نے ہفتہ کو 4 لوگوں کو اس وقت حراست میں لیا جب ان کے پاس جعلی ہوائی ٹکٹس پائی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ چار افراد،جو تمام مقامی تھے، کو فرضی ہوائی ٹکٹوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ۔پولیس نے ان کی شناخت محمد اشرف شیخ ولد گلزار احمد شیخ ساکن باغیاث چھتہ بل سرینگر، جنید احمد بٹ ولد فیاض احمد بٹ ساکن اتروسو نیجی گنڈ اننت ناگ، عاقب مشتاق ولد مشتاق احمد بٹ ساکن لال بازار اور شاکر مشتاق ولد مشتاق احمد ساکن عیدگاہ کے بطور کی ہے۔ چاروں افراد نے جعلی ٹکٹوں کا استعمال کرتے ہوئے ہوائی اڈے میں داخل ہونے کا انتظام کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات پر پتہ چلا ہے کہ اس حرکت کے پیچھے ملزمین کا مقصد اپنے والدین کو، جو عمرہ کے لیے ایئرپورٹ پر روانہ ہو رہے تھے، کو الوداع کرنا تھا۔