عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بھارت کی بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بھارٹی ایئرٹیل (“ایئرٹیل”) نے فوج کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے شمالی کشمیر کے کپوارہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہات کو مواصلاتی سہولت فراہم کرنے کا اقدام کیا ہے۔ایئرٹیل نے اس علاقے میں 15 موبائل ٹاور نصب کیے ہیں، جس سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ یہ مواصلاتی سہولت انہیں اپنے اہل خانہ سے رابطے میں رہنے اور آپریشنل کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔وزیراعظم کے ” PM وائبرینٹ ولیج پروگرام” کے تحت، کچل، بلبر، رازدان پاس، تایا ٹاپ، استاد، کٹھی، اور چیمہ جیسے گاوں اب ملک کے دیگر حصوں سے جڑ چکے ہیں۔ یہ دیہات کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے تین اضلاع کے کیرن، مچل، ٹنگڈار، گریز، اور اوڑی وادی کے علاقوں میں واقع ہیں۔ حال ہی میں، کمپنی نے گلوان ندی کے علاقے اور دولت بیگ اولڈی (ڈی بی او) میں کامیابی کے ساتھ کنیکٹیویٹی قائم کی ہے، جو بھارت کی سب سے شمالی فوجی چوکی کے طور پر جانی جاتی ہے۔