عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل اننت ناگ کا دورہ کیا اور ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں متعلقہ اَفسران کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظرنامے ،مختلف سرکاری سکیموں اور فلاحی اقدامات کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کے شروعات میں ضلع کی مجموعی ترقیاتی منظر نامے اور فلاحی سکیموں کا خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے ڈلیوری ایبلز اور اہم اقدامات جیسے مشن یووا، این ایم بی اے، ٹی بی مکّت بھارت ابھیان، ایچ اے ڈِی پی، پی ایم ایس جی ایم بی وائی اور جے کے سمادھان سمیت ضلع کے دیگر منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اُنہوں نے چیئر کو صحت ، تعلیم ، آر ڈِی ڈِی ، آر اینڈ بی ، پی ایچ اِی ، پاور اور دیگر اہم شعبوں میں جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں میں مستفید ہونے والوں کی سکیموں کی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔چیف سیکرٹری نے اَفسران کو ہدایت دی کہ مختلف مرکزی اور یو ٹی معاونت والی سکیموں بالخصوص صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، باغبانی اور زرعی شعبوں میںمؤثر عمل آوری اور تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِن سکیموں کی مقررہ وقت میں تکمیل عوام تک بنیادی فوائد پہنچانے کے لئے نہایت ضروری ہے۔ اُنہوں نے نشاندہی کی کہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا، پی ایم وشوکرما، مشن یووا اور ایچ اے ڈی پی جیسی سکیمیںفائدہ مند ہیں اور متعلقہ محکموں کو چاہیے کہ ان کے فوائد شہریوں تک پہنچائیں۔اُنہوں نے کہا کہ بینکوں کو قرض کی فراہمی کے عمل کو آسان بنانا چاہیے تاکہ نوجوانوں کے لئے با معنی روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔