اہم خبریں

۔ 12ویں جماعت کے امتحان میں طلباء زیادہ اور پرچے کم پڑ گئے 

۔2مراکز میں منتظمین نے مقامی سطح پر پیپر فوٹو سٹیٹ کر کے بچوں کو دئیے 

جاوید اقبال

مینڈھر //جموں وکشمیر ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے رواں دنوں میں 12ویں جماعت کا پرائیوٹ امتحان لیا جارہا ہے تاہم بورڈ حکام کی انتہائی لاپرواہی اور غیرسنجیدگی کی وجہ سے مینڈھر سب ڈویژن میں قائم امتحانی مراکز پرچے کم پڑنے کی وجہ سے بچوں کا امتحان متاثر ہو ا ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ حکام نے مینڈھر میں امتحان لینے کیلئے 3امتحانی مراکز بنائے ہوئے ہیں جن میں سے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول بوائز مینڈھر اور گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول گرلز مینڈھر میں منعقد ایجوکیشن کے پیپر کے دوران امتحانی پرچے کم پڑ گئے تاہم ان مراکز میں تعینات سپر ناٹینڈنٹ نے پرچے تقسیم کرنے کے دوران مقامی سطح پر پیپر فوٹو سٹیٹ کروا کر بچوں میں تقسیم کئے ۔والدین نے جموں وکشمیر بورڈ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کی انتہائی لاپرواہی کی وجہ سے جہاں ان کے بچوں کا وقت ضائع ہوا ہے وہائیں امتحان منعقد کرنے کا عمل متاثر ہوا ہے اور مبینہ طورپر پیپر لیک ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ بورڈ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذکورہ امتحانات کو لینے کیلئے ایک مرتب قاعدہ پر عمل کرئے تاکہ ان کی لاپرواہی اور کام کء تئیں غیر سنجیدگی کی وجہ سے امتحان لینے کا قاعدہ اور قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپر کو مقامی سطح پر فوٹو سٹیٹ کروانے سے پیپر کے لیک ہونے کا خدشہ بھی ہے ۔اس سلسلہ میں گور نمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول مینڈھر کے پرنسپل نے بتایا کہ امتحانی مرکز میں پیپر کم ہو گئے تھے تاہم انہوں نے سکول میں ہی ان کو فوٹ سٹیٹ کروا کر بچوں میں تقسیم کر دیا ۔دوسری جانب جموں وکشمیر بورڈ کی مینڈھر اکائی کے انچار ج نے اس ناکامی پر کوئی واضح جواب نہیں دیا ۔

 

 پہاڑی قبائل اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں :مشتاق بخاری 

بختیار کاظمی

سرنکوٹ//پہاڑی قبائل کے سنیئر لیڈر سید مشتاق بخاری نے پہاڑی قبائل کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ترجیح بنیادوں پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔سرنکوٹ ڈاک بنگلہ میں منعقدہ قبائل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے کہاکہ اگر پہاڑی لوگ آپس میں اتحا د اور اتفاق پیدا کریں گے تو وہ یقینی طور پر کامیاب ہو جائینگے ۔اس دوران منعقدہ اجلاس میں ضلع ترقیاتی کونسل سرنکوٹ بی کے ممبر سوہیل ملک ،پنچایتی اراکین کیساتھ ساتھ میونسپل کونسلر و دیگر لیڈران نے شرکت کی ۔سید مشتاق بخاری نے پہاڑی طبقہ کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ راجوری میں وزیر داخلہ کی آمد کے دوران بڑی تعداد میں جلسے میں شامل ہوں اور ریلی کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 45برسوں سے پہاڑ ی قبائل کیساتھ ناانصافیاں ہورہی ہیں تاہم اس دوران وہ اپنے حق کی لڑائی لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت پہاڑی قبائل کو حق دینے میں کامیاب ہوتی ہے تو پہاڑی پارٹی کیساتھ ہمیشہ کیلئے منسلک ہو جائینگے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سوہیل ملک نے کہاکہ وزیر داخلہ کی راجوری میں ہونے والی ریلی میں بڑھ چڑھ کر شرکت کی جائے ۔انہوں نے تاجروں ،سیاسی نمائندوں ،پنچایتی اراکین ،علاقہ کے معززین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ امت شاہ کی ریلی میں شرکت کر کے اس کو کامیاب بنائیں ۔اجلاس میں حمید منہاس ،اظہر منہاس سنجے کیسر ،سرپنچ ایسوسی ایشن بلاک سرنکوٹ کے صدر سید واحید حسین شاہ طارق منہاس شبیر حسین شاہ جاوید حسین شاہ کیساتھ ساتھ دیگران بھی موجود تھے ۔

 

 

ترگائیں میں شہری پھسل کر لقمہ اجل 

سید زاہد

بدھل //بدھل کے ترگائین علاقہ کی ڈھوک میں مبینہ طورپر پائوں پھسل کر گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے ایک عام شہر ی لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو ترگائین علاقہ کی جبڑ ڈھوک میں پیش آئے واقعہ کے دوران 66سالہ بزرگ گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت کالو ولد شاہ والی کے طورپر ہوئی ہے جس کہ تحصیل خواص کا رہائشی بتایا جارہا ہے ۔واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس سٹیشن بدھل سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لا ش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے منتقل کر دیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا گیا ہے ۔

 

ڈگری کالج بدھل میں تقریب کا انعقاد 

بدھل //گور نمنٹ ڈگری کالج بدھل میں این ایس ایس یونٹ کی جانب سے این ایس ایس ڈے کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔کالج پرنسپل ڈاکٹر مزمل حسین کی قیادت میں منعقدہ تقریب کے دوران مقررین نے این ایس ایس کے رول پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔مقررین نے کہاکہ این ایس ایس رضا کار قوم اور ملک کی مختلف شعبوں میں مدد کیلئے کوشاں رہتے ہیں تاہم ان کو ہمیشہ کیلئے فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لے کر قوم کی خدمت کرنا چائیے ۔اس پروگرام میں این ایس ایس کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین شاہ ،پروفیسر اشفاق احمد، پروفیسر اعجاز احمداور ڈاکٹر محمد فاروق کیساتھ ساتھ دیگران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر رضا کاروں کی جانب سے ایک تمدنی پروگرام کا اہتمام بھی کیاگیا تھا ۔

 

 

تھنہ منڈی کالج میں این ایس ایس کا یوم تاسیس منایا گیا

تھنہ منڈی //گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں نیشنل سروس اسکیم یا (این ایس ایس) کا یوم تاسیس جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب کا انعقاد کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد کی سرپرستی میں کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فاروق احمد نے این ایس ایس رضاکاروں کی جانب سے بے لوث خدمت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ تعمیری سماجی کاموں میں خود کو شامل کریں اور اپنی شخصیت کو نکھاریں۔ کالج کے این ایس ایس رضاکاروں کو این ایس ایس ڈے منانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو ہندوستان میں نیشنل سروس سکیم کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے رضاکاروں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں این ایس ایس یونٹ قائم کیا گیا ہے تاکہ طلباء میں اخلاقی اقدار کو فروغ دیا جا سکے اور طلباء کی شخصیت کو بھی فروغ دیا جا سکے کیونکہ انہیں کالج میں اور باہر مختلف سرگرمیوں کے دوران اپنی صلاحیتوں اور قائدانہ صلاحیت کو ظاہر کرنے کے بہت سارے مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے سامعین کو این ایس ایس کی تاریخ کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیت سازی اور تجربات کو مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے جی جان سے محنت کریں۔ این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر محمد شوکت نے رسمی خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض این ایس ایس کی رضاکار صوبیہ کوثر نے انجام دئیے۔ این ایس ایس کی ماضی کی سرگرمیوں کا سلائیڈ شو عدنان عاقب نے پیش کیا۔ پروگرام کے دوران رضاکاروں کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا۔ کالج کے رضاکاروں کی جانب سے “بنیادی حقوق” کے موضوع پر ایک خاکہ بھی پیش کیا گیا۔ کالج کے سابقہ رضا کاروں میں عشرت جاوید اور عادل رؤف خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور این این ایس کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ اس پروگرام میں کالج کے تمام فیکلٹی ممبران اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں کالج کی این ایس ایس رضا کار صوبیہ کوثر نے شکریہ کے الفاظ پیش کئے اور اس کے ساتھ ہی پروگرام کا اختتام ہوا۔

 

 

غریبوں کو 1سال تک مفت راشن دینے کی مانگ 

حسین محتشم

پونچھ//جموں و کشمیر پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کو ایک سال تک مزید مفت راشن دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت دیا جانے والا راشن حکومت کی طرف سے غریبوں کے لئے ایک بڑی مدد ہے لیکن ایک خاندان کو صرف پانچ کلو راشن دینا ان کے ساتھ بڑا مذاق ہے کیونکہ پانچ کلو راشن سے ایک خاندان کا پیٹ نہیں بھرتا۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک کنبے کو کم از کم بیس کلو راشن دیا جائے تاکہ وہ مہنگائی کے اس دور میں زندہ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسی کروڑ لوگوں کو راشن فراہم کرنا بڑی بات ہے اور ہم بھی حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہیں لیکن اگر ان فہرستوں کی جانچ پڑتال کی گئی تو یقیناً کچھ لوگوں کو بیس کلو راشن دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر غریب اور نادار لوگوں کو اس مہنگائی کے دور میں ایک سال کا راشن مفت ملے گا تو یہ ان کے لئے بہت بڑی مدد ہو گی۔اس موقعہ پر فرنٹ کے دیگر ممبران رویندر کور، محمد بشیر جٹ، شاہنواز خان، رنجیت سنگھ، مہندر سنگھ بھی موجود تھے۔

 

 

رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع 

سیلانی پنچایت کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا 

جاوید اقبال

مینڈھر //سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر تحصیل کے دور دراز اور سرحدی گائو سیلانی کی عوام کے پرزور مطالبے کے بعد آخرکار انتظامیہ کی جانب سے وہاں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ شہید فوجی اورنگزیب کا گاؤں ہے جن کے انتقال پر وہاں کئی مرکزی وزراء پہنچے تھے، جنہوں نے اس وقت مقامی شہریوں کو یقین دلایا تھا کہ اس گاؤں میں سڑک اور دیگر تعمیری و ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔ اس کے بعدسے لگاتار لوگوں نے وہاں سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کرنا شروع کیا تھا جسے آخرکار مان لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں وہاں پر سنیچر وار کو باضابطہ اس ایک جھلک کی تعمیرات کا کام شروع کیا گیا۔ یہ بی آر او شہید اورنگزیب سے سیلانی سڑک ہے جس کی رسم افتتاح بی ڈی سی چیئرمین چوہدری امان اللہ نے کیا۔اس موقع پر سرپنچ خالد چوہان شہید اورنگزیب کے والد محمد حنیف، چوہدری مقصود احمد موجود تھے۔ان تمام عوامی نمائندگان نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام کی مشکلات اور ان کو درپیش مسائل کو سمجھتے ہوئے وہاں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کروایا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سڑک کی تعمیر کا کام بروقت مکمل کر کے لوگوں کو راحت پہنچائی جائے گی۔

 

 

 

پونچھ کے 2کرکٹ کھلاڑی جموں و کشمیرانڈر 19 ٹیم میں شامل

حسین محتشم

پونچھ//جموں و کشمیر کی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پونچھ کے کرکٹ کھلاڑیوں کے ہنر کو پہچانتے ہوئے ان کو جے کے سی اے نے جموں کشمیر کی انڈر 19 ٹیم میں شامل کیاہے۔ریدم شرما اور توحید احمد جن کا تعلق پونچھ سے ہے، کو جموں و کشمیر کی انڈر 19 ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ JKCA ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت ضلع، زونل، ڈویژن اور ریاستی سطح کے میچوں کے مقابلے میں بہترین کارکردگی دیکھانے کے بعد آخر کار ریاست کے دور دراز علاقے کے کھلاڑیوں کو تسلیم کیا گیا۔ اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ کرکٹ اکیڈمی پونچھ کے بانی اور پرویز احمد آفریدی نے کہا کہ میں ایک کوچ کی حیثیت سے اس بات پر فخر محسوس کررہا ہوں کہ میرے دو طالب علم ریدم شرما اور توحید احمد کو ان کی محنت اور قابلیت کا صلہ ملا ہے۔انہوں نے کہا میں متھن منہاس، سنیل سیٹھی اور بریگیڈیئر انیل گپتا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی قیادت نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا کہ پونچھ کے 02 لڑکوں کو ٹیم میں منتخب کیا گیا اور ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار رامبن کا کوئی کرکٹر بھی انڈر 19 ٹیم میں کھیلے گا اور ریاست کے مختلف حصوں کے کھلاڑی ٹیم میں ہوں گے اور یہ کسی جگہ/علاقے سے مخصوص نہیں ہے۔انہوں نے JKCA کے منصفانہ انتخاب کے لیے ان کی تعریف کی کہ انہوں نے صحیح ٹیلنٹ کو موقع دیا اور کسی اثر و رسوخ کا شکار نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ جے کے سی اے کی دیگر ٹیموں کو بھی پرفارمنس اور ٹیلنٹ کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔ پرویز ملک آفریدی نے اپنے دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا میں پونچھ اور جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں کے ٹیلنٹ پر بھی زور دیتا ہوں کہ وہ سخت محنت کریں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے لئے کھیلنے کا موقع حاصل کریں۔

 

 

 

بھاجپا یکم اکتوبر کوامیت شاہ کی ریلی کیلئے کمر بستہ 

سمت بھارگو

راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی کا کیڈر یکم اکتوبر کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے کمر بستہ ہے۔ پارٹی کی ضلعی قیادت نے کہا ہے کہ یہ ریلی تاریخی ہوگی اور اس میں تمام طبقہ ہائے زندگی اور جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ سے لوگوں کی بھر پور شرکت ہوگی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع یونٹ نے ہفتہ کو پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس سے بی جے پی کے جنرل سکریٹری وبود گپتا اورضلع صدر راجندر گپتا کے ساتھ خطاب کیا۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری وبود گپتا نے کہا کہ یکم اکتوبر راجوری میں ایک تاریخی دن ہوگا کیونکہ مرکزی وزیر داخلہ ضلع ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہونے والی ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ راجوری کا دورہ ایک ایسے وقت میں کرنے جا رہے ہیں جب انتخابات کا موسم نہیں ہے جس کے بعد وزیر داخلہ اس سرحدی علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر کے دور افتادہ علاقے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ گپتا نے مزید کہا کہ اس ریلی میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ کا اجتماع ہوگا اور ہر شعبہ زندگی اور جڑواں اضلاع کے تمام علاقوں سے لوگ اس اجتماع کا حصہ ہوں گے ۔انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری پروگرام میں شرکت کریں جو پہاڑی لوگوں کے لئے تاریخی بھی ہو سکتا ہے۔

 

 

 

راجوری ضلع میں 2783 بنکر مکمل

منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ وحتمی تاریخ مقرر کی گئی 

راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں پی ڈبلیو ڈی اور آر ڈی ڈی کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے سرحدی بنکروں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ آر ڈی ڈی کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے بنکروں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 1528 بنکروں پر کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی پر عمل درآمد کے مختلف مراحل میں ہیں۔پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے بنکروں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ 1255 پر کام مکمل ہے اور باقی کام مختلف مراحل میں ہیں۔ ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ سلیب لیول کے تمام بنکروں کا کام ایک ہفتے میں مکمل کریں اور باقی تمام بنکروں کا کام دو ہفتوں میں مکمل کریں۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اہداف کو بروقت حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے بنکروں پر کام کرتے ہوئے معیار کو برقرار رکھنے کو بھی کہا۔آفیسر موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام سرحدی باشندوں کو بنکر فراہم کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری سے ان کی جانیں بچائی جا سکیں اور باقی بنکروں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے ڈبل شفٹوں میں کام کریں۔ .

 

 

 

پولیس نے گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا

پرویز خان

منجا کوٹ // سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں حادثات کی شرح میں ہوئے اضافہ کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے تاکہ حادثات کی شر ح میں کمی لائی جاسکے ۔اس سلسلہ میں ایس ایچ او منجا کوٹ نے پولیس کی ایک ٹیم کے ہمراہ منجاکوٹ سے گزرنے والے جموں پونچھ شاہراہ پر ناکے کے دوران گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا ۔اس مہم کے دوران گاڑیوں کے کاغذات کی جانچ کیساتھ ساتھ اور لوڈنگ ،تیز رفتار و دیگر قوانین کی عمل آوری پر خصوصی توجہ دی گئی ۔پولیس نے ٹرانسپورٹروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ٹریفک قاعدہ پر سختی کیساتھ عمل کریں ۔ایس ایچ او نے ڈرائیوروں کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔