سرینگر//حریت (ع)، جمعیت ہمدانیہ اور پیروان ولایت نے گیسو تراشی کے مسلسل شرمناک واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان انسانیت سوز واقعات پر روک لگانے میں قطعی طور ناکام ہو چکی ہے۔ حریت (ع) ترجمان نے مائوں بہنوں کی چوٹیاں کاٹنے کے ان واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے ضمن میں لیت و لعل اور غیر ذمہ دارانہ پالیسی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ان انسانیت سوز واقعات پر روک لگانے میں قطعی طور ناکام ہو چکی ہے ۔جمعیت ہمدانیہ کے ایک اجلاس میں گذشتہ کئی روز سے بال کاٹنے پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔ جمعیت کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان شرمناک اور ہتک آمیز حرکتوں سے اہل کشمیر کے دل مجروح ہی نہیں بلکہ چھلنی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ادوار میں مختلف ناموں پر صنف نازک کے دامن کو تارتار کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے گیسو تراشی کی تشویشناک لہر کی مذمت کی اور کہا کہ سرکاری مشینری اس سازش سے پردہ فاش کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ پیروان ولایت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں تمام محاذوں پر ناکام ہونے کے بعد نئے نئے حربے آزما رہا ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ا یجنسیوں کی مدد سے گیسو تراشی میں سرگرم ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری خواتین کی بال تراشی ناقابل برداشت عمل ہے اور کشمیری اس طرح کی سازش کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنی ماں بہنوں کی عزت بحال رکھنے اور ان کی حفاظت کے لئے اپنی جان و مال نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔