عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انجمن حمایت الاسلام کے زعماء نے حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس پرحضرت امیرؒ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترویج اسلام اور تعمیر ملت میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔
انجمن کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالحق اویسی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عرس منانے کا اصل مقصد یہی ہے کہ قرآن و حدیث میں اللہ تعالیٰ اور پیغمبر اسلامؐ نے قوم کو احسانات اور نوازشات کی طرف توجہ مبذول کرکے نعمت خدا وندی کو یاد کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کا حضرت سید بلبل شاہؒکے 40 سال بعد واردِ کشمیر ہونا اللہ کا انعام اور نعمت ہے کیونکہ ان اولیاء نے ہی اہل کشمیر کو دولتِ اسلام و ایمان سے سرفراز کیا۔ تنظیم کے صدر مولانا خورشید احمدقانونگو نے کہاکہ’ اگر ہم شاہ ہمدانؒ اور ان کے احسانات کا ذکر نہیں کریںگے تو ہم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی بخیل و احسان فراموش نظر نہیں آئے گا اور ان احسانات کا حق ادا کرنا اُن کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان خدمات کی آبیاری کرنا مقصود ہے کیونکہ شاہ ہمدانؒ کے ہمہ جہت احسانات ہی کشمیر کی اصل شناخت ہے‘۔عرس کے موقعہ پر مولانا قانونگوخانقاہ معلی میں خطاب کریںگے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے عالم اسلام کے سرکردہ مصلح، داعی دین اوراہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن امیر کبیرحضرت میرسید علی ہمدانیؒ کے عرس پرحضرت شاہ ہمدانؒ کی گرانقدر دینی، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے حضرت شاہ ہمدانؒ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت، معرفت، صداقت،امانت،د یانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق ومربی قرار دیا گیاجنہوں نے ختلان ایران سے کشمیر کا غیر معمولی پر مشقت اور جدوجہد کے بعد سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف عملا دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیر کی ربانی آواز پر والہانہ لبیک کہا۔امیر کبیر حضرت میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس کے سلسلے میں آج یعنی 6ماہ ذی الحجہ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نمازِ ظہر سے قبل خطاب کریںگے۔
نمازِ ظہر کے بعد ختمات المعظمات، نعت و منقبت اور اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی۔ سجادہ نشین خانقاہِ معلی پیرزادہ شاہد نعمانی نے محب شاہ ہمدان سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام جس مردِ جلیل کے سب سے زیادہ احسان مند ہیں وہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒکی ذات بابرکت ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس پرعوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے مشن، تبلیغ دین واشاعت اسلام کی بدولت ہی ریاست کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے منور ہوا۔ انہوں نے کہا کہشاہ ہمدانؒ ؒ کے طفیل ہی ریاست کے لوگ صنعت و حرفت سے بھی روشناس ہوئے۔ اِس طرح اسلام کے عظیم نعمت کے ساتھ ساتھ یہاں کے ہرفرقہ کے لوگ روزی روٹی کمانے کے اہل بن گئے۔ پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے احسانات اہل کشمیر پر تاقیامت رہیںگے۔
خانقاہ میں آج طبی کیمپ
سرینگر//جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین اشفاق بیگ نے کہا ہے کہ حضر امیر کبیر ؒؒ کے عرس پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرسٹ کی جانب سے خانقاہ معلی میں آج یعنی اتوارکو طبی کیمپ کا انعقاد کیا جارہاہے جس میں لوگوں کو علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔