سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے بدھ کو کہا کہ پلوامہ کے باشندوں کا غم و غصہ اور اُنہیں درپیش مسائل کو وہ اچھی طرح سے سمجھ سکتے ہیں۔
پلوامہ کے مجاہد منزل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر نے کہا'' پلوامہ کے عوام کو گذشتہ ساڑھے چار سال میں کچھ حاصل نہیں ہوا۔میں اُن کی لاچارگی ، پریشانیاں اور مسائل بخوبی سمجھ سکتا ہوں جو یہاں موجود لوگوں کے چہروں سے بھی چھلک رہی ہیں۔''
انہوں نے پی ڈی پی پر برستے ہوئے کہا کہ ہزاروں شہریوں نے 2014میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا لیکن اُنہیں اس کے عوض کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔
عمر نے کہا''جنہیں آپ نے گذشتہ پارلیمانی الیکشن میں ووٹ دئے اُنہوں نے اُسے اپنی طاقت کیلئے استعمال کیا''۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اب اُن کی پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ نئی دلی سے گذشتہ پانچ سال کی کارکردگی کے بارے میں جواب طلب کیا جاسکے۔