یواین آئی
نئی دہلی//اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی نے بدھ کو اپنے 38ویں کانووکیشن میں مختلف کورسز کے طلبا کو تین لاکھ سے زیادہ ڈگریاں، ڈپلوما اوراسناد سے نوازا۔اس موقع پر ورچول طلبا اور اگنو برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہاکہ 1985میں اپنے قیام کے بعد سے اگنو نے تعلیم کو سستی، لچکدار اور جامع بنا کر انقلاب برپا کیا ہے۔ 35لاکھ سے زیادہ طالب علموں اور 58ممالک میں مضبوط عالمی موجودگی کے ساتھ اگنو دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے، جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ تعلیم سب تک پہنچ جائے، بشمول پسماندہ کمیونٹیز۔ این آئی آر ایف2024 میں اوپن یونیورسٹیوں میں اس کی اعلی درجہ بندی سے اس کی افضلیت ظاہر ہوتی ہے۔نئی تعلیمی پالیسی 2020 کو لاگو کرنے میں اگنو کے کردار پر زور دیتے ہوئے پردھان نے کہا کہ یونیورسٹی کام کرنے والے پیشہ ور افراد، بین الاقوامی طلبا، جیل کے قیدیوں اور دفاعی عملے کے لیے اپنی مرضی کے مطابق مختلف پروگراموں کے ساتھ ان اصلاحات کو نافذ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ہندوستان کے آبادیاتی پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مہارت کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دور سے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل لرننگ جیسی ٹیکنالوجیکل ترقی کو اپنانے پر یونیورسٹی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے اقدامات سمیت صلاحیت سازی کے پروگرام ہر سطح پر تعلیم کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگنو کو ڈیجیٹل تعلیم کو بڑھانا چاہیے، عالمی تعاون کو مضبوط کرنا چاہیے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی سمت کام کرتے ہوئے زندگی بھر سیکھنے کو فروغ دینا چاہئے۔