عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے 40گھنٹوں کے دوران کئی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں سیلابی ریلے آنے ، بادل پھٹنے ،لینڈ سلائنڈنگ اور پتھر کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہاننت ناگ،کولگام،وسطی اور شمالی کشمیر کے کچھ حصوں میں، ڈوڈہ،جموں،کھٹوعہ،کشتواڑ،پونچھ،راجوری،رام بن، ریاسی،سانبہ اور ادہم پور میں بادل پھٹنے، پسیاں گرنے اور مٹی کے تودے گرنے کے امکانات ہیں۔محکمہ نے کہا کہ 19 اگست تک کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے جبکہ اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائوں کے ساتھ بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 23 سے 25 اگست تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میںلوگوں سے کہا کہ وہ ندی نالوں، دریائوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے احتیاط کریں۔