یو این آئی
نئی دہلی//مغربی ہمالیہ کے علاقے اور شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے ہفتے بارش اور برف باری کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ 5 اور 6جنوری کو جموں و کشمیر میں کچھ مقامات پر تیز بارش
کے امکانات ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی )نے کہا ’’شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گھنے دھند اور سرد لہر برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے بعد اس میں بہتری آئے گی‘‘۔محکمہ کے مطابق 2 سے 4 جنوری تک مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی سے سر درمیانہ بارش اور برف باری ہو سکتی ہے اور 5سے 6جنوری تک خطے میں بڑے پیمانے پر بارش اور برف باری کے امکانات ہیں۔آئی ایم ڈی نے کہا کہ 5اور 6جنوری کو جموں، کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برف باری ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے پانچ دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان میں کم از کم درجہ حرارت میں 2-3ڈگری سیلسیس کے بتدریج اضافے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔آئی ایم ڈی نے کہا ’’اگلے تین دنوں کے دوران وسطی اور مشرقی ہندوستان میں کم از کم درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے، اس کے بعد بتدریج دو سے تین ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوگا‘‘۔اس کے علاوہ، مہاراشٹر کے علاقے میں اگلے دو دنوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت میں 2-3 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔آئی ایم ڈی نے کہا “2 جنوری کو پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے کچھ حصوں میں اور اسی دن اتر پردیش، راجستھان اور مغربی مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں دن کا موسم ٹھنڈا رہے گا۔ 2 جنوری کو پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، مغربی اتر پردیش، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم اور اڈیشہ کے الگ تھلگ علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں گھنی دھند پڑنے کی توقع ہے۔ اسی طرح ہماچل پردیش اور مدھیہ پردیش میں 2 اور 3 جنوری کو اور آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 2 سے 6 جنوری کو گھنے دھند کا رہنے امکان ہے۔
دہلی میں سخت سردی جاری، درجہ حرارت مزید کم ہو سکتا ہے
عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ملک کے دارالحکومت میں سخت سردی جاری ہے۔ سردی کی لہر نے سردی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دہلی والے سردیوں سے بچنے کے لیے طرح طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑوں پر برف باری کی وجہ سے دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں یہاں پارہ مزید گر سکتا ہے۔کل یعنی سال کے پہلے روز ٹھنڈی ہواں نے دل میں سردی مزید بڑھا دی۔ اگرچہ سورج بھی نکل آیا لیکن سردی کی لہر کی وجہ سے اس کا اثر نظر نہیں آرہا تھا ویسے بھی سورج نکلا ضرور لیکن اس میں کوئی شدت نظر نہیں آئی۔