عظمیٰ نیوز سروس
جموں// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے تین دنوں کے دوران بالخصوص آج اور کل جموں و کشمیرمیں گرمی کی لہرکی صورتحال غالب رہنے کی توقع ہے۔اس دورا ن کشمیر کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے اور سال کے اس وقت کے کئی ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہیٹ ویو کے بھی امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم اس کے بعد وادی میں درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہونے کا امکان ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جموں صوبے میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ درج ہونے کے ساتھ 26 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کی توقع ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23مئی تک درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا تاہم بعد میں درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی ریکارڈ ہوسکتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جموں صوبے میں درجہ حرارت میں 2سے 3ڈگری کا اضافہ درج ہونے کے ساتھ 26مئی تک ہیٹ ویو جاری رہے گی ۔ ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں مجموعی طور پر 21 سے 26 مئی تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔تاہم اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں اور کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔بدھ کوسری نگر شہر میں 32.0ڈگری سینٹی گریڈ،قاضی گنڈ 33.2 ،کپواڑہ 30.0،پہلگام 25.8،کوکرناگ 31.5،گلمرگ 23.2،جموں سٹی 41.4،بانہال 30.4،بٹوت 30.1،کٹرا 36.8 اوربھدرواہ میں 31.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں وکشمیر نے یونین ٹریٹری میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ایک ایڈوزئری جاری کرکے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔لوگوں سے زیادہ سے زیادہ پانی کا پینے اور شدید گرمی کے وقت باہر نکلنے سے احتیاط کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔