عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ ان کا مقصد ہندوستان کو عالمی ترقی کا انجن بنانا ہے اور ملک جلد ہی دنیا کے معاشی پاور ہاس کے طور پر ابھرے گا۔وائبرینٹ گجرات سمٹ کے 20 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ انہوں نے 20 سال پہلے وائبرنٹ گجرات کے چھوٹے بیج بوئے تھے اور آج یہ ایک بڑے درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا”ہم نے ریاست کو ہندوستان کی ترقی کا انجن بنانے کے لیے وائبرنٹ گجرات کا اہتمام کیا، 2014 کے بعد، ہمارا مقصد ہندوستان کو عالمی ترقی کا انجن بنانا ہے” ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے مرحلے پر کھڑے ہیں کہ ہندوستان جلد ہی ایک عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرے گا۔پی ایم نے کہا، “یہ آپ کو میری ضمانت ہے کہ اب سے چند سالوں میں، آپ کی آنکھوں کے سامنے، ہندوستان دنیا کی تین سب سے بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا” ۔