اننت ناگ اور کولگام اَضلاع میں 9کرو ڑ کے منصوبوں کا سنگ ِ بنیاد
سرینگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ایک سال مکمل کیا ہے اور حکومت جموں و کشمیر کے لوگوںکے خوابوں اور اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘ہمیں پانچ سال کا منڈیٹ ملا ہے اور پانچ سال کے بعد ہم آپ کے ایک ایک سوال کا جواب دیں گے ، ہماری قیادت بیٹھے گی، کابینہ بیٹھے گی، ایک ہاتھ میں منشور اور دوسرے میں ہمارے کاموں کا ثبوت ہوگا’۔ ان کا کہنا تھا: ‘ ہم بی جے پی- پی ڈی پی اور ایل جی انتظامیہ کے نامکمل کاموں کے ساتھ اپنے کیے گئے کاموں کی فہرست پیش کریں گے ‘۔اننت ناگ اور کولگام اَضلاع کے دورے کے دوران اُنہوں نے تقریباً 9 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔اُنہوں نے اننت ناگ میں اننت ناگ ویسٹ حلقے کے وانپوہ علاقے میں 3.16 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے لیبر سرائے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ کے 1,025 رجسٹرڈ مزدوروں میں زائد اَز 30 لاکھ روپے کی مالی اِمداد بھی جاری کی جو میرٹ سکالرشپ، اعلیٰ تعلیم اِمداد اور اِبتدائی تعلیم اِمداد کی سکیموں کے تحت براہ راست مستحقین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی۔سریندر کمار چودھری نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے۔ ہم شیخ محمد عبداللہ اور عمر عبداللہ کے فکر و نظرئیے سے وابستہ ہیں اور ہم سچائی اور وعدے پر قائم ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بہت سے وعدے اب بھی پورے کئے جا رہے ہیں تاہم حکومت ان وعدوں کو پورا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت پر اعتماد رکھیں اور یقین دِلایا کہ ہر فیصلہ عوام کے بہترین مفاد میں لیا جائے گا۔ بعد میںاُنہوںنے ضلع کولگام کا دورہ کیا اور دیوسر حلقے میں 5.69 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کھریوان۔پالپورہ چیک سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سڑک سے تقریباً 20 دیہات مستفید ہوں گے جس سے سڑک رابطہ بہتر ہوگا اور مقامی باشندوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔