عارف بلوچ
اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے اکہال دیوسرجنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جاری تصادم میں2 فوجی اہلکار مارے گئے ، جبکہ مجموعی طور پر اب تک 11اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے ہفتہ کو تصدیق کی کہ انکائونٹر اپنے نویں دن میں داخل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک پریت پال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ ہندوستانی فوج نے “بہادروں کی عظیم قربانی” کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑی ہے۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، چنار کور نے کہا، “چنار کور بہادروں، لانس نائیک پریتپال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کی قوم کے لیے عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان کی ہمت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔”کور نے مزید کہا، ” فوج گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔”
حکام نے بتایا کہ آپریشن کے آغاز سے اب تک اس آپریشن میں11سکیورٹی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ انکائونٹر میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں، جو 1 اگست کواکہال جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کے بعد سیکورٹی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی آپریشن شروع کرنے کے بعد شروع ہوا ہے۔9آر آر اور 18بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ پولیس کا سپیشل آپریشن گروپ اس آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ جمعہ کو دونوں فریقوں کے درمیان ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد، آپریشن رات کے لیے روک کر گھیرا مضبوط کر کے اضافی کمک علاقے میں بھیج دی گئی تھی۔پچھلے جمعہ کے بعد گھنے جنگل میںسیکورٹی فورسز نے گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور گھنے جنگلوں میں چھپے ملی ٹینٹوں سے لڑائی جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں کم سے کم 5ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی لیکن خدشہ ہے کہ انکی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نلین پربھات اور فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما سمیت سینئر پولیس اور فوج کے افسران چوبیس گھنٹے آپریشن کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں۔سیکورٹی فورسز نے ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کو جنگل کے علاقے میں ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا ہے۔ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے میں پیرا کمانڈوز بھی سیکورٹی فورسز کی مدد کر رہے تھے۔10دن تک ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان اس طرح کی مسلح تصادم آرائی 1990کے بعد پہلی بار ہورہی ہے۔درگاہ حضرتبل اور چرار شریف کے محاصرہ کے بعد مسلح جھڑپ پہلی بار اس قدر طویل ہورہی ہے۔
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کا مہلوک فوجیوں کو خراج عقیدت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کولگام میں ملی ٹینٹوں کے خلاف جاری آپریشن میں عظیم قربانی دینے والے بہادر فوجی جوانوں لانس نائیک پریت پال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ایل جی نے ایک پیغام میں کہا”میں اپنے بہادروں لانس نائیک پریتپال سنگھ اور سپاہی ہرمندر سنگھ کی بے مثال حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانی دی، ان کی بہادری، ہمت اور عزم کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ میرے خیالات غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔”وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مہلوک فوجی جوانوں کو خراج عقیدت ادا کیا اور انکی میتوں پر پھول چڑھائے۔وزیر اعلیٰ نے ایک پیغام میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کی یادوں میں نقش رہیں گی۔ انہوں نے مسلح افواج اور ان کے خاندانوں کے لیے اپنی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔