عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کولگام میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن پیر کے روز 11ویں دن میں داخل ہو گیا کیونکہ یہاں گھنے جنگلات اور اونچے پہاڑوں میں قدرتی غاریں بنی ہوئی ہیں، جہاں چھپے ملی ٹینٹوں کو باہر نکالنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے اپنی کوششوں کو دوگنا کردیا ہے۔پولیس نے کہا، “آپریشن ابھی بھی جاری ہے، سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں جو بظاہر غار نما ڈھانچوں میں چھپے ہوئے ہیں۔”ملی ٹینٹ اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اور ڈرون کے ذریعے پتہ لگانے سے بچنے کے لیے گھنے جنگلات کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔اکہال جنگلاتی علاقے میں یکم اگست کو شروع ہونے والے تصادم کے بعد سے فوج کے دو سپاہی مارے گئے ہیں، جب کہ نو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔مقابلے میں دو ملی ٹینٹ بھی مارے گئے ہیں۔حالیہ برسوں میں وادی کشمیر میں یہ سب سے طویل آپریشن ہے۔سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کو استعمال میں لایا ہے۔
کشتواڑ
کشتواڑمیں ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لیے سیکورٹی آپریشن دوسرے دن میں داخل ہوا۔ جنگلاتی علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کا آپریشن پیر کو دوسرے دن میں داخل ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کشتواڑ شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ڈول علاقے میں بھاگنا جنگل میں ایک چٹان پر ایک غار کے اندر چھپے ہوئے ہیں۔ علاقے میں تلاشی کارروائی اتوار کی صبح حزب المجاہدین کے دو انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں ریاض احمد اور مدثر ہزاری کی موجودگی کے بارے میں انٹیلی جنس ان پٹ کے بعد شروع ہوئی جو ضلع میں پچھلے آٹھ سالوں سے سرگرم ہیں اور ہر ایک پر 10 لاکھ روپے کا انعام ہے۔حکام نے بتایا کہ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں نے اتوار کی صبح 6.30 بجے تلاشی پارٹیوں پر فائرنگ کی اور جوابی کارروائی کا سامنا کرتے ہوئے جنگل میں فرار ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دن میں دو بار وقفے وقفے سے فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع ملی۔پولیس نے بتایا کہ فوج کی مزید کمک بشمول پیرا کمانڈوز، پولیس اور سی آر پی ایف کی شمولیت اور ڈرون کی تعیناتی کے ساتھ محاصرہ اور تلاشی کارروائی مضبوط کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ملی ٹینٹوں کی طرف سے آخری بار فائرنگ کی اطلاع غار کے قریب ہوئی، جو کہ بہت گہرا بتایا جاتا ہے، اتوار کی شام سیکورٹی فورسز کو شبہ ہے کہ وہ اندر پناہ لینے میں کامیاب ہو گئے تھے۔حکام نے بتایا کہ رات بھر کئی زور دار دھماکوں اور وقفے وقفے سے فائرنگ کی اطلاع ملی، انہوں نے مزید کہا کہ سرچ آپریشن جاری ہے ۔