بٹوت // ضلع رام بن کی اکھڑہال تحصیل کے لوگوں نے قصبہ اکھڑہال سے گذرنے والی النباس، پوگل ، سینا بھتی اورشالگڈی رابطہ سڑک پر دھرنا دے کر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس دوران مظاہرین سب ڈویژن رام سومیں بجلی کی عدم دستیابی کے معاملہ کولیکرنعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین نے کہاکہ اکھڑہال تحصیل اورسب ڈویژن رام سوکے درجنوں دیہات محکمہ بجلی کی عدم توجہی کاشکارہیں اورجس کی وجہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ اور من مرضی کی کٹوتی سے لوگ پریشان ہیں۔اس دوران مظاہرے کی قیادت مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کے لیڈران بشمول نیشنل پتھرس پارٹی کے سیوا سنگھ بالی ، کانگریس کے ضلع نائب صدر فاروق احمد کٹوچ، سابقہ سرپنچ ریاض احمدمیر ، ٹھیکیدار نرنجن سنگھ اور محمداقبال کٹوچ وغیرہ کررہے تھے ۔اس موقعہ پرمظاہرین نے کہاکہ محکمہ بجلی کے ملازمین اپنی ڈیوٹی پر تعینات رہتے ہیں یا نہیں اس کاعوام کو کچھ معلوم نہیں ہے کیونکہ جب بھی اس سلسلے میںلوگوں سے پوچھا جاتا ہے کہ فلاں دیہات میں کس ملازم کو ڈیوٹی ہے تو جواب آتا ہے کہ ہم لوگوںنے کبھی کسی ملازم کو نہیںدیکھا صرف ہر ماہ بجلی کابل لیکردروازے پر کچھ لوگ دستک دیتے ہیں ۔اس موقعہ پرسیواسنگھ بالی نے تحصیلدار اکھڑہال سے مخاطب ہوتے ہو ئے کہاکہ اگرایک ہفتہ اندر اندر بجلی کومعقول اور متواتر سپلائی نہیںکی گئی تو محکمہ بجلی کے ملازمین آکرجو دیہات میں بجلی کھمبے اور تاریںلگی ہوئی ہیں انہیں اٹھاکریہاں سے لے جائیں تاکہ لوگوں کو ایک تسلی ہو جائے کہ اب بجلی کبھی نہیں آئے گی ۔وہیں فاروق احمدکٹوچ اور محمداقبال کٹوچ نے کہاکہ اگر محکمہ بجلی کو مسلسل بجلی سپلائی کرنے میںکوئی پریشان درپیش آتی ہے تو محکمہ کوچاہئے کہ وہ ہر دیہات اور ہر گائوں سے بجلی کی تاریں لپیٹ کر یہاں سے لے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ اس طر ح نہیں کرسکتا ہے تو جو بھی ملازم یہاں پر تعینات ہے تو عوام کے سامنے آئیں اوراپنی فرض منصبی کوایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ نبھائیں ۔ وہیں انہوںنے الزام لگایا کہ علاقے میں کے بیشتر دیہات میں پچھلے دوماہ سے بجلی کی سپلائی نہیں ہورہی ہے جن میں آلنباس، ہوچک ، پھاگمولہ ، پوگل ، کنڈن ، ملیگام، رونیگام ، تاجنہال ، دھمنستہ ، ڈھک سینا بھتی وغیرہ کے علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام اور صبح کے اہم اوقات میں بجلی بند رکھی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی زندگی رات کے گھپ اندھیروں کی وجہ سے اجیرن بنی ہوئی ہے۔مختلف تنظیموںکے لیڈران نے نمائندے کے ساتھ بات کر تے ہوئے بتایا کہ اکھڑہال تحصیل ہیڈکواٹر اور اس کے درجنوں دیہات میں بجلی کا بند رکھنا معمول بن گیا ہے اور لوگوں کو بجلی کے بغیر ہی بجلی فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہاکھڑہال میں بجلی کی مدد سے اپنا روزگار کمانے والے فوٹو سٹیٹ ، فوٹو گرافی اور دیگر کاروبار سے جڑے لوگ محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پریشان ہیں اور بجلی بند رکھ کر ہزاروں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پرامتیاز احمدسوہل نرنجن وغیرہ نے بھی احتجاجیوں کے ساتھ مظاہرہ کیا۔احتجاجی
مظاہروں کی خبر ملنے کے بعد تحصیلدار اکھڑہال موقع پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ معاملے کو محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر رام بن سے اٹھا کر تحصیل اکھڑہال اور اس کے درجنوں دیہات میں بجلی کی بہتر فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے۔ ان کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کیا گیا اور قصبہ اکھڑہال میں معمولی کی زندگی بحال ہوگئی۔