جموں//پولیس نے اکھنور کے ایک نوجوان کو پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 18سالہ رویندر سنگھ ولد امرجیت سنگھ ساکن اکھنور ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا اور پاکستان سے چلائے جارہے ایک فیس بک اکائونٹ کے توسط سے سیکورٹی فورسز کی نقل و حمل کے بارے میں اہم معلومات اپ لوڈ کرتا رہا ہے ۔پولیس کی طرف سے کی گئی ابتدائی تحقیقات میں تین سے چار لڑکوں کے مشکوک سوشل میڈیا اکائونٹس کے ساتھ منسلک ہونے کی بات سامنے آئی تھی جن میں سے رویندر سنگھ پچھلے تین سے چار ماہ سے ایک مشکوک اکائونٹ سے ساتھ سرگرم تھا۔ذرائع نے بتایا کہ نوجوانوں کا ایک گروپ بدستور پاکستان سے چلائے جا رہے انٹر نیٹ پروٹوکول ایڈریس کے رابطہ میں ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے دفعات 120-B/121/12- A RPC, 66-F I.T. Actکے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر132/2017 اکھنور تھانہ میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔اس سلسلہ میں پولیس کی طر ف سے جاری ایڈوائزری میں عام لوگوں ، بالخصوص نوجوانوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ واٹس ایپ یا فیس بک پر بنائے گئے فرضی اکائونٹس سے ہوشیار رہیں اور ان پرفورسز کے حوالہ سے کسی بھی قسم کی اہم معلومات شیئر نہ کریں۔
ایس ایس پی جموں کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لڑکیوں کے نام سے چلائے جانے والے ان اکائونٹس میں بھولے بھالے لڑکوں یا لڑکیوں سے دوستی کی جاتی ہے اور انہیں مختلف جھانسے دئیے جاتے ہیں۔