عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ضلع جموں میں منشیات فروشوں کی جائیدادوں کوضبط کرنے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ضلع پولیس جموں نے ایک اور اٹیچ منٹ آپریشن کو انجام دیا جس کے نتیجے میں تقریباً 5 لاکھ روپے کی منقولہ جائیداد (نجی کار) کو منجمد/ ضبط کر لیا گیا۔ اکھنور میں کی گئی کارروائی کے دوران یہ جائیداد بدنام زمانہ منشیات فروش روہت دتہ ولد ہوشیار چند ر/رہ سالیوٹ، تحصیل چوکی چورہ، ضلع جموں کی شریک حیات کی تھی۔ضلعی پولیس جموں نے یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت انجام دی،جس میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خاندان، رشتہ داروں اور ساتھیوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی دفعات سے متعلق ہے۔منشیات فروش روہت دتا ولد ہوشیار چند ر/رہ سالیوٹ کو فی الحال این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت اکھنور پولیس نے ڈویژنل کمشنر جموں کے جاری کردہ وارنٹ کے تحت حراست میں لیا ہے اور وہ ضلع جیل کٹھوعہ میں بند ہے۔ مذکورہ ملزمان کے خلاف منشیات فروشی کے کئی سنگین واقعات کئی مقدمات درج ہیں۔
غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعہ حاصل کردہ ناجائز منافع سے منشیات کی آمدنی کے طور پر شناخت شدہ جائیداد کو اکھنور سب ڈویژن کی پولیس ٹیم نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی مدد سے مکمل چھان بین اور انکوائری کے دوران بے نقاب کیا تھا۔یہ آپریشن جموں ضلع سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ضلع پولیس جموں کے غیر متزلزل عزم کی ایک سخت یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔مقامی لوگوں نے بھی اس فعال اقدام کو سراہتے ہوئے اسے سب کے لئے محفوظ اور منشیات سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دے دیا۔