عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں کے اکھنور سیکٹر میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد لائن آف کنٹرول کے نزدیک فوج نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے جو جاری ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ کچھ دیہاتیوں نے دن کی اولین ساعتوں میں جوگیوان میں کچھ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی، جنہیں ملی ٹنٹ سمجھاگیا اور اس معاملے کی اطلاع قریبی آرمی کیمپ کو دی۔انہوں نے بتایا کہ فوجی دستوں نے فوری طور پر گاؤں اور اس سے ملحقہ جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مکمل تلاشی مہم چلائی۔تاہم، ابھی تک مشتبہ افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی اور محاصرے کی کارروائی جاری تھی۔