جموں +پلوامہ// جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر زیر زمین بارودی سرنگ دھماکے میں 2فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 2دیگر زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔ادھر نیلورہ لتر پلوامہ میں فورسز کی طرف سے فائرنگ کے واقعہ میں ایک شہری مضروب ہوا۔اکھنور سیکٹر میںیہ ہلاکت خیز دھماکہ سرحد پر دراندازی روکنے کے لئے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے پھٹنے سے ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ ایل او سی کے اکھنور سیکٹر کے پلن والا علاقہ میں معمول کی گشت کے دوران ہفتہ کی شام بارودی سرنگ پھٹنے کا حادثہ پیش آیا۔ حادثہ میں دو فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔مرنے والوں کی شناخت لانس نائیک سورج سنگھ اور رائفل مین سرجیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہینیلورہ لتر پلوامہ میں کل شام نماز مغرب کے بعد قریب 5بجکر 50منٹ پر55آر آر کی ایک بکتر بند گاڑی مرکزی جامس مسجد کے قریب سے گذر رہی تھی تو مقامی لوگوں کے مطابق یہاں کچھ نوجوان گاڑی کو دیکھ کر بھاگ گئے جس کی بنا پر فوجی اہلکاروں نے ہوا میں کچھ گولیاں چلائیں لیکن ایک گولی بشیر احمد میر نامی ایک 40سالہ نوجوان ساکن لتر کے پائوں میں جا لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا جسے بعد میں بجبہاڑہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔مقامی لوگوں نے کہا کہ یہاں فوجی گاڑی پر کوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔تاہم پولیس نے کہا کہ فوج کی ایک گشتی پارٹی یہاں سے گذر رہی تھی جس پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی اور کراس فائرنگ میں ایک شہری کی ٹانگ میں گولی لگی۔بعد میں شیخ محلہ کا محاصرہ کیا گیا اور حملہ آوروں کی تلاشی کا کام شروع کیا گیا۔ جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔