محمد تسکین
بانہال//ضلع رام بن میں جمعہ کو ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر تقریباً 6سے7سوفٹ گہری کھائی میں گرنے سے چار افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔عہدیداروں نےبتایا کہ یہ حادثہ سینا بتی اکھرال روڈ پراس وقت پیش آیا جب ایک ٹاٹا سومو (JK14C-2038) پرستان میں مدینہ مسجد ہل سے دو سو میٹرپہلے سڑک سے پھسل کر تقریباً 6سے7سوفٹ گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں گاڑی میں سوار چھ مسافروں میں سے2مسافروں کی موقعہ پر موت واقع ہوگئی جن کی شناخت محمد رفیق گوجر ساکن پرستان پنچایت اور توقیر احمد بٹ ساکن گجرارہ سینا بتی کے طور ہوئی جبکہ ایک زخمی نے بانہال ہسپتال پہنچنے پر دم توڑ دیا جس کی شناخت عبدالطیف ولد غلام حسین سکنہ لیل خیل بنگارہ پنچایت کے طور کی گئی جبکہ ایک اور شدید زخمی اعجاز احمد بٹ ولد نثار احمدساکنہ گوجرہ سینا بتی نے بانہال سے جی ایم سی اننت ناگ لیجاتے ہوئے راستے میں ہی قاضی گنڈ کے نزدیک دم توڑ دیا۔محمد رفیق گاڑی کا مالک اور ڈرائیور تھا۔دیگر دو زخمی جی ایم سی اننت ناگ میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔بی ایم او اکھرال ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے بتایا کہ کل چھ زخمیوں کو پی ایچ سی اکھرال لایا گیا اور ان میں سے دو کو مردہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ سی اکھرال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد چار زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال ریفر کیا گیا جہاں ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور مرنے والوں کی تعداد 3 تک پہنچ گئی۔اس سے پہلے، حادثے کے فوراً بعد، مقامی لوگوں کے علاوہ امدادی ٹیموں نے تیزی سے ریسکیو کاروائی شروع کی، اور تمام زخمیوں کو نکال کر علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا ۔دریں اثنا، ضلع انتظامیہ رام بن نے حادثے میں چار قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ رامبن نے ‘X’ پر ایک پوسٹ میں کہا’’ہمارے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، اور ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں‘‘۔پوسٹ میں لکھا گیا ہے، “ہر متوفی کے خاندان کو 1لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 25ہزارروپے کی امداد فراہم کی جا رہی ہے”۔ پوسٹ میں لکھا گیا “متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے”۔
ایل جی کی تعزیت
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام بن کے اکھرل سینا بتی علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’رام بن میں المناک سڑک حادثے کی وجہ سے جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر دکھ ہوا، غم کی اس گھڑی میں، میرے خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں‘‘۔