محمد تسکین
بانہال// ضلع رامبن کی تحصیل اْکڑال پوگل پرستان میں پچھلے قریب تیس سال سے کام کرنے والے ولیج ڈیفنس کمیٹی ارکان نے اپنے ماہانہ مشاہرہ کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس موقع پر آل ڈیموکریٹک الائنس پارٹی کے صوبائی صدر اشوک کاچرو اور تنویر حسین نے بھی شرکت کی۔تحصیل ہیڈکوارٹر اْکڑال میں احتجاجی مظاہروں پر آمادہ ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ممبران کا کہنا ہے کہ وہ سنہ نوے کی دہائی کے آخر سے ملی ٹینسی مخالف محاذ پر ولیج ڈیفنس کمیٹیوں میں کام کر رہے ہیں لیکن 2000 سے ان کا ماہانہ مشاہرہ ادا کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور یہ رقم ادا ہی نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اْنہیں تین سو روپے کا ماہانہ مشاہرہ ادا کیا جاتا تھا مگر اب سینکڑوں وی ڈی سی اہلکار اس مشاہرے سے محروم ہیں اور ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہ مایوسی اور پریشانی کے عالم سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سے سرکار نے گزشتہ سال ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان کو مستقل کرنے اور ان کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن دوسری طرف سے ضلع رام بن کے بیشتر ولیج ڈیفنس کمیٹی کے اہلکاروں کا قلیل مشاہرہ بھی پچھلی دو دہائیوں سے بند ہے جس کی وجہ سے وہ مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اْکڑال پوگل پرستان کے سینکڑوں وی ڈی سی اہلکاروں کے احتجاجی مظاہروں کو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی اور انہوں نے اپنے مسائل کو پولیس کے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لانے کیلئے اکڑال پولیس کو یاداشت پیش کی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے ان کا معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کے بعد یہ احتجاجی مظاہرہ پرامن طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچا۔