سہیل بشیر کار، بارہمولہ
۱۔ شالی کی فصل کی کٹائی اور threshing کیجئے. شالی کو اسٹور بھی رکھیں تاکہ چوہے نقصان نہ پہچائے۔
۲۔ گندم ،اوٹس ،برسیم کی بوائی کریں۔ جئ (Oats) ایک کنال کے لیے 5 کلو بیج درکار ہوتے ہیں۔اوٹس لگانے سے پہلے زمین کو اچھی طرح تیار کیجئے؛ ایسی زمینوں کا انتخاب کیجئے جہاں پانی جمع نہیں ہوتا ہو۔بیج کو لگانے سے پہلے زمین کو تین بار جوتیں. بیج ڈالنے سے پہلے ایک کنال میں یوریا 14 کلو ڈی اے پی 6.5 کلو اور ڈی اے پی 3.5 کلو ڈالیے۔اگر یہ کھاد نہ ڈالی جائے تو زمین کی پیداواری صلاحیت میں کمزوری آتی ہے۔اکتوبر میں اور بھی مختلف قسم کے گھاس لگائے جا سکتے ہیں جیسے لیوسرن اور ریڈ کلور،ریڈ کلور گھاس کے بہت سے فائدے ہیں۔ایک کنال کے لیے آدھا کلو بیج کافی ہوتا ہے، بیج ڈالنے سے پہلے ایک کنال میں ڈی اے پی 9 کلو اور ایم او پی 3.5 کلو ڈالیے۔قطاروں کے درمیان 45 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھیں۔
۳۔ 15 اکتوبر سے اخیر نومبر تک مٹر اگا سکتے ہیں. ایک کنال کے لیے 4 کلو مٹر کا بیج استعمال ہوتا ہے۔جہاں جہاں ممکن ہو مٹر ضرور لگائیں۔مٹر لگانے سے جہاں ہمیں مٹر کی اچھی پیداوار مل سکتی ہے، وہیں یہ زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھاتا ہے۔مٹر لگانے سے پہلے ایک کنال میں 5.5 کلو ڈی اے پی اور 4 کلو ایم او پی ڈالیے۔مٹر قطاروں میں لگائیں،قطار سے قطار 30 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھیں۔مٹر 5 سے 6 سینٹی میٹر گہرا ہی ڈالیے،زیادہ گہرا ڈالنے سے جرمنشن میں پرابلم ہوتی ہے۔
۴۔ چونکہ سرسوں کا تیل کشمیر میں بہت استعمال ہوتا ہے۔ لہٰذا اپنے زمینوں میں جہاں ممکن ہو سرسوں اگائیں۔اچھے معیار کا سرسوں نہ ملنے کی وجہ سے بہت ساری بیماریاں ہوتی ہیں۔سرسوں کی بوائی 20 اکتوبر سے پہلے پہلے کیجئے۔ایک کنال زمین میں آدھا کلو سرسوں کا بیج درکار ہوتا ہے، سرسوں لگانے سے پہلے ایک کنال زمین میں 5 کلو یوریا، 3.3 کلو ڈی اے پی اور 1.700 کلو ایم او پی ڈالیے۔اگر ایک کنال میں ایک کلو زنک سلفیٹ ڈالا جائے تو اس کے بہت سارے فوائد ملتے ہیں۔
۵۔ پیاز، لہسن اور شلوٹ کی کاشتکاری کیجئے۔کشمیر میں پیاز کی پنیری لگانے کا وقت اکتوبر سے نومبر تک ہے۔ زمین کو اچھے سے تیار کیجیے، کم سے کم تین بار زمین جوتیے۔پنیری کی کھیت میں منتقلی کیلیے کاشت سے پہلے 10 سے 15 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی کنال کے حساب سے ڈالیں۔کیمیائی کھاد کے استعمال سے پہلے مٹی کی جانچ کروائیں اور جو سفارشات دی گئی ہیں ان پر مکمل عمل کیجیے۔کھاد اسی کے مطابق دیجیے. پیاز کی کاشت 20تا 25 سنٹی میٹر کے فاصلے پر قطاروں میں کریں اور پودے سے پودے کا فاصلہ 15 سینٹی میٹر رکھیں۔ایک کنال میں یوریا 13 کلو ڈی اے پی 7۔ 5 کلو اور 5 کلو ایم او پی کیمیائی کھاد استعمال کیجئے۔
لہسن کی کاشت کے لیے پوتھیاں (پھلی) بطور بیج استعمال کی جاتی ہیں۔ اچھی پیدوار کے لیے اچھی بیج بہت ہی اہم ہے،عموماً قطاروں میں کی جاتی ہے اور قطار سے قطار کا فاصلہ 30سینٹی میٹر یعنی ایک فٹ جب کہ پودے سے پودے کا فاصلہ 10سینٹی میٹر یعنی 4 انچ رکھیں۔ کاشت کے وقت یہ خیال رکھنا چاہیے کہ پوتھیاں (پھلیاں ) نہ تو بہت گہری لگائیں اور نہ ہی بہت اوپر کاشت کریں۔ کاشت کے بعد فوراً پانی لگائیں۔کشمیر میں لہسن نومبر کے مہینے میں لگایا جاتا ہے. لہسن لگانے سے پہلے ایک کنال زمین میں 10 سے 15 ٹن گوبر کھاد، 8 کلو یوریا، 5 کلو ڈی اے پی اور 5 کلو ایم او پی استعمال کیجیے۔یوریا آدھا جبکہ ڈی اے پی اور ایم او پی پورا پنیری لگانے سے پہلے دیجیے۔
پیاز کی ایک نباتاتی قسم کا نام ‘شلوٹ ہے۔کشمیر میں اس کو ‘پران کہتے ہیں۔کشمیری شلوٹ کی قیمت بھی اچھی ہے۔ آجکل مارکیٹ میں یہ چار سو روپے کے حساب سے بک جاتی ہے۔ چھوٹے گڈھ کے بلب میں دو سے تین انفرادی لونگ پڑے ہیں اور بڑے میوے چھ لونگوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ شلوٹ کو بھی لہسن کی طرح اور اسی موسم میں اگایا جاتا ہے. کشمیر میں اکثر شلوٹ اگانے کے لیے ایک شلوٹ کو بطور بیج کے استعمال کیا جاتا ہے ،جس سے کئی شلوٹ نکلتے ہیں، لیکن بہتر یہ ہے کہ بیج سے اگایا جائے۔ اس کا سائز بھی بڑا ہوتا ہے اور قیمت بھی مناسب ملتی ہے۔اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ مٹی moist رہے لیکن پانی جمع نہ رہے۔شلوٹ اگانے کا وہی طریقہ ہے جو لہسن کا ہے۔
۶۔ گاجر، مولی، شلغم، چکندر کی سبزی 25 اکتوبر تک اگائیں۔اکتوبر کے بعد ہم پالک کو اُگا سکتے ہیں۔اگر آپ کے پاس پرکیلی بیج ہے تو ایک کنال کے لیے 500 گرام جبکہ شالیمار گرین کا بیج 300 گرام درکار ہوتا ہے۔پالک لگانے سے پہلے ایک کنال زمین میں 15 کوئنٹل سڑا ہوا گوبر ڈالیے۔ساتھ ہی ایک کنال میں 6.5 کلو یوریا بھی ڈالیے۔پالک لگانے سے پہلے بیج کو پانی میں بھگو کر رکھیں اس سے جرمنشین اچھی ہو جاتی ہے۔ہر دس دنوں بعد گوڈائی کیجئے۔پالک اکتوبر سے مارچ تک اُگائی جا سکتی ہے۔
۷۔ پالی گرین ہاوسز کی تنصیب کیجئے۔محکمہ زراعت سے رابطہ کرکے سبسڈی پر گرین ہاوس مل سکتا ہے۔آج کل محکمہ ہاۓ ٹیک گرین ہاؤس بھی دیتا ہے۔اگر ممکن ہو تو ہاۓ ٹیک گرین ہاؤس لگائیں۔
رابطہ 9906653927