جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے اڑی قصاب علاقے میں اُس وقت ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب ایک ٹریکٹر اچانک بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ پیش آتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے۔ لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ٹریکٹر کے ملبے سے نکال کر ابتدائی امداد فراہم کی۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک تھی، جس کے بعد اسے بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا۔ اس کی شناخت اختیاز احمد (34 سال) ولد محمد سکنہ اڑی قصاب کے طور پر ہوئی ہے۔باقی تین زخمیوں کی شناخت وقار احمد، توصیف احمد اور دانش احمد سکنہ اڑی قصاب کے طور پر کی گئی ہے، جو سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں زیر علاج ہیں۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر اشفاق چوہدری نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال سے ایمبولینس موقع پر روانہ کی گئی اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لئے منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں نے پوری ذمہ داری کے ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ نازک حالت والے نوجوان کو راجوری ریفر کیا گیا تاکہ اس کا بہتر علاج ممکن ہو سکے۔دریں اثناء ، پولیس نے حادثے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹریکٹر کے بے قابو ہونے کی وجہ سڑک کی خرابی یا تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس اس کی تصدیق کے لئے مزید تفتیش کر رہی ہے۔یہ حادثہ ایک بار پھر دیہی علاقوں میں حفاظتی تدابیر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں اکثر بغیر لائسنس یا حفاظتی انتظامات کے بھاری گاڑیاں چلائی جاتی ہیں۔