حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے گائوں اڑی سڑھوتی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مقامی شہریوں کو از حد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔سماجی و سیاسی شخصیت اسران خان نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سے پْرزور اپیل کی ہے کہ علاقے کی مرکزی سڑک کی فوری مرمت کی جائے تاکہ مقامی باشندوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔انہوں نے کہا یہ سڑک علاقہ بھر میں اہم مواصلاتی ذریعہ ہے، گزشتہ کئی سالوں سے شدید خستہ حالی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا خراب حالت کے باعث معمولی سفر، جو صرف 15 منٹ کا ہونا چاہیے، اب ایک گھنٹے سے زائد وقت لیتا ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ مریضوں، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کو ناقابلِ بیان دشواریوں کا سامنا ہے۔انہوں نے اس صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا،یہ مسئلہ معمولی نہیں ہے بلکہ اس نے پورے علاقے کی زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً محکمہ تعمیرات عامہ کے ایکس ای این سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فوری اقدامات کریں اور سڑک کی مرمت کو یقینی بنائیں۔عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کے مطابق، یہ احتجاج انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو عوامی مشکلات کی سنگینی سے آگاہ کرنے کے لئے ناگزیر ہوگا۔عوام کا مؤقف ہے کہ بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ وہ پرامید ہیں کہ ان کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور سڑک کی مرمت جلد از جلد مکمل ہوگی۔