یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے کہا ہے کہ اڈیسہ میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی ڈبل انجن حکومت ان جرائم کو روکنے کیلئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھا رہی ہے، لیکن کانگریس خاموش نہیں بیٹھے گی اور خواتین کی آواز بن کر کام کرتی رہے گی۔اڈیسہ کے کانگریس امور کے انچارج اجے کمار للو اور ریاستی کانگریس صدر بھکتا چرن داس نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اڈیسہ میں جہاں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی)کی حکومت 24سال سے برسراقتدار رہی ہے، بی جے پی جو 2009میں حکومت میں شریک تھی، اب مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں ہے۔ بی جے پی-بی جے ڈی نے مرکز اور ریاست میں سیاسی فائدے کے لیے کام کرتے ہوئے وقتا فوقتا اپنی حکمت عملیوں میں تبدیلی کی ہے مگر اس نے اپنے مفادات سے اوپر اٹھ کر عوام بالخصوص خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کبھی بھی کوئی کام نہیں کیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کبھی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے گزشتہ آٹھ مہینوں میں خود وزیر اعلی کا ماننا ہے کہ 3,420 خواتین اور 8,403 بچے لاپتہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان آٹھ مہینوں میں اجتماعی عصمت دری کے 54واقعات ہوئے ہیں۔