نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے بزرگ رہنما لال کرشن اڈوانی کو صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لئے سب سے مناسب امیدوار قرار دیتے ہوئے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج امید ظاہر کی کہ 'بی جے پی کے پتامہ' کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔بہار سے ممبر پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج کئی ٹوئٹ کرکے کہا کہ اب جب کہ صدر کے عہدہ کے لئے انتخاب کا وقت بہت قریب آگیا ہے میں اڈوانی جی کے چاہنے والوں اور بہی خواہوں کی طرف سے اس مانگ کو پورے زور و شور سے پیش کرتا ہوں کہ وہ اس باوقار عہدہ کے لئے مناسب ترین ، باعلم، محترم ، تجربہ کار اور سب سے اہل امید وار ہیں۔مسٹر سنہا نے مزید کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے اور میری دعائیں اور نیک خواہشات ہیں کہ لوگ سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی کے پتامہ کو اس اعزاز سے نوازیں گے ، جس کے وہ سب سے زیادہ اہل ہیں۔اڈوانی جی زندہ باد، بی جے پی پائندہ باد۔خیال رہے کہ عہدہ صدارت کے لئے 17 جولائی کو انتحاب ہوگا۔ بی جے پی نے عہدہ صدارت کے لئے امیدوار کے انتخاب کے خاطر ایک تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔