نئی دہلی//ہندوستانی فوج او ربارڈر سیکورٹی فورس کو پچھلے دو ہفتوں سے کنٹرول لائن پر غلبہ حاصل ہے ۔یہ اطلاع یہاں وزیر دفاع ارون جیٹلی نے دی۔نریندر مودی حکومت تین سال مکمل ہونے کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی مسلسل اورپائیدار کوششوں کی وجہ سے ہندوستانی جنگجو گروپوں اور غیرملکی دہشت گردوں پر زبردست دباؤ بنانے میں کامیابی ملی ہے ۔ پاکستانی حکومت کے ساتھ بات چیت کے امکان پر رائے زنی کرنے کو کہا گیا تو وزیر موصوف نے جواب دیا''پاکستان نے پٹھان کوٹ، اڑی واقعات اورہندوستانی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرکے بات چیت کے ماحول کو بڑی کامیابی کے ساتھ پیدا ہونے سے روکا ہے ۔جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں ہندوستان نے ہمیشہ معاملات کرنے کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی، ،وزیردفاع نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے بات چیت کیلئے '' اقدامات کئے '' یہاں تک کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو 26مئی 2016 کو حلف برداری تقریب میں مدعو کیا گیا ۔ انھوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مودی بھی ایک بار پاکستان گئے لیکن ہر اقدام کے بعد پاکستان نے پٹھان کوٹ ،اڑی یا ہندستانی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرکے جواب دیا ۔ جموں کشمیر کی مجموعی صورتحال کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر ریاست کی صورتحال خراب نہیں ہے ۔اس سلسلہ میں انھوں نے حال ہی میں سری نگر میں وزرائے خزانہ کی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں حالات بہت حد تک معمول پر ہیں ۔گزشتہ تین برسوں کے دوران حکومت کے کام کاج کے حوالہ سے انھوں نے کہا کہ حکومت نے 16۔2015 میں ون رینک ون پنشن جیسے کئی زیر التومعاملات حل کئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دفاعی سازو سامان کو ملک کے اندر تیار کرنے کی ضرورت ہے اس لئے حکومت نے اسٹریٹجک شراکت داری کی پالیسی بنائی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران دفاعی سازو سامان کی خرید سے متعلق کمیٹی نے جس طرح کی تجا ویزکو منظوری دی ہے وہ سابقہ ترقی پسند حکومت کے '' فیصلہ کرنے میں ناکامی'' کے مقابلہ '' بے مثال ہے ۔''