یو این آئی
گورکھپور//وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ جب اچھی حکومت ہوتی ہے تو وہ ترقی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھا کر خوشحالی کی راہ ہموار کرتی ہے۔سلامتی کا بہتر ماحول ہر فرد کی زندگی میں مثبت، ترقیاتی اور فلاحی تبدیلیاں لاتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں یہی تبدیلی گزشتہ 11سالوں سے ملک میں اور پچھلے آٹھ سالوں سے ریاست میں دیکھی جا رہی ہے۔یوگی منگل کو ہندوستان فرٹیلائزرز اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ (کھاد فیکٹری)کے احاطے میں وزیر اعلیٰ کی 1200جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ حکومت نے اجتماعی شادی اسکیم میں فی جوڑے کے اخراجات کو 51ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا ہے اور آج اس اضافہ کے بعد پہلا پروگرام تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصل حکومت وہ ہے جو عوام کے گھر جا کر ان کے مسائل حل کرے۔ وزیراعلیٰ ماس میرج اسکیم وزیراعظم نریندر مودی کے عوامی بہبود کے پروگراموں کو آگے بڑھانے کی مہم ہے۔ یہ پروگرام بیٹی بچا-بیٹی پڑھا اسکیم کی ایک کڑی ہے۔ یہ بچپن کی شادی، تعدد ازدواج اور جہیز جیسی سماجی برائیوں پر کاری ضرب ہے۔