یواین آئی
نئی دہلی//لوک سبھا میں مسلسل ہنگامہ کرنے والے اپوزیشن ارکان نے منگل کو بھی زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔پریزائیڈنگ آفیسر جگدمبیکا پال نے ہنگامہ آرائی کے درمیان کان اورکان کنی ترمیمی بل پاس کروا دیا لیکن الزام لگایا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ذریعہ دیے گئے کاغذ کو پھاڑ کر ہنگامہ کرنے والے ارکان نے بنچ کی طرف کاغذ پھینک کر ایوان کے اسپیکر کی توہین کی ہے۔ گاندھی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ ایوان کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں اور لوگوں کو اکسا رہے ہیں۔ صبح سے اپوزیشن جماعتوں کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کو تین بار ملتوی کیا گیاتھا اور چوتھی مرتبہ انہوں نے زبردست ہنگامہ پر ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کردی۔اس سے قبل پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کاغذات پھینکے جانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی بھی کئی سالوں سے اپوزیشن میں رہی ہے اور انہوں نے بھی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کی ہے، لیکن جس طرح آج کاغذات پھینک کر ایوان کی توہین کی گئی ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا ایوان ہے، یہاں اپوزیشن کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم بھی اپوزیشن میں رہے ہیں، ہم مسلسل کام کرتے رہے ہیں۔ ہم نے کبھی ایوان کے وقار کو کم نہیں کیا۔ میں اسپیکر پر کاغذ پھینکنے کی مذمت کرتا ہوں۔