سرینگر// کانگریس نے سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کی سربراہی میں جموں کشمیر میں9 رکنی پالیسی ساز گروپ تشکیل دیا ہے جس کا مقصد تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کے علاوہ قیام امن کیلئے سازگار ماحول تیار کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ریاست کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی کانگریس نے ایک بڑی پیش رفت کے تحت ریاست کیلئے ایک اعلیٰ سطحی پالیسی ساز گروپ تشکیلدیا ہے جس کی کمان سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کو سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ پالیسی ساز گروپ کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے ازخود تشکیل دیا ہے جبکہ اس پالیسی ساز گروپ کے سپرد کشمیر میں تمام فریقین کے ساتھ بات چیت کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ جموں کشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پالیسی ساز گروپ میں9سنیئر کانگریس لیڈران کو شامل کیا گیا ہیتاکہ جموں کشمیر میں قیام امن کیلئے راہ کی تلاش کی جائے۔ کشمیر عظمیٰ کو ذرائع نے بتایا کہ اس پالیسی ساز گروپ کی تشکیل وادی کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔کانگریس کی طرف سے تشکیل دئیے پالیسی ساز گروپ میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ سابق صدر ریاستی ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیی غلام نبی آزاد، کانگریس کی مرکزی جنرل سیکریٹری اور امور کشمیر انچارج امبیکا سونی، پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر، سابق ریاستی وزیر نوانگ ریگزن جورا،سابق ممبر پارلیمنٹ اور حال ہی میں کانگریس میں شمولیت کرنے والے طارق حمید قرہ اور سابق ریاستی وزیر شیام لعل شرما شامل ہے۔ پارٹی کے سنیئر لیڈر اور جموں کشمیر کے حوالے سے تشکیل دئیے گئے پالیسی گروپ میں شامل شیام لعل شرما نے اس بات کی تصدیق کی کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی پہل پر یہ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔کشمیر کو عظمیٰ کو شیام لال شرما نے بتایا کہ وادی کی موجودہ مخدوش صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس کی مرکزی کمان نے پالیسی ساز گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ لیا تاکہ جموں کشمیر میں قیام امن کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔