عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری نے جمعرات کو پولو ویو مارکیٹ میں مشہور ’سول فل ‘کشمیر برانڈنگ مہم کے تحت’ اپنے کاریگر کو جانیں‘ سیریز کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ دستکاری اور ہینڈ لوم کشمیر نے کیا تھا۔انہوں نے کشمیر کی دستکاری مصنوعات کی نمائش کرنے والے سٹالوں کا دورہ کیا، جس میں پشمینہ شالوں اور کانی بروکیڈس سے لے کر پیچیدہ پیپر ماشی کے نمونے اور نمدہ قالین شامل تھے۔نائب وزیراعلیٰ نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ تقریبات ہمارے ہنر مند کاریگروں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ہمارے شاندار فنی ورثے کو محفوظ کرتے ہوئے، عالمی سطح پرجموں کشمیربرانڈ کی نمائش کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔انہوں نے کہا’’ان لازوال روایات کو سامنے لا کر، ہم نہ صرف اپنے ماضی کا احترام کرتے ہیں بلکہ پائیدار معاش کے لیے ایک متحرک مستقبل بھی بناتے ہیں‘‘۔چودھری نے تسلیم کیا کہ یہ اقدام جدید چیلنجوں جیسے مشین سے بنی نقل، خاص طور پر خواتین کی زیرقیادت کوآپریٹیو کے لیے منصفانہ مواقع کو یقینی بنانا اور پورے خطے میں زیادہ سے زیادہ کاریگروں کو بااختیار بنانے کے لیے براہ راست بازار سے رابطہ قائم کرتا ہے۔انہوں نے کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لومز کو بحال کرنے اور تجارتی بنانے کے لیے سولفل کشمیر مہم کے تحت تقریب کو ایک فلیگ شپ پروگرام کے طور پر شروع کرنے پر محکمے کی تعریف کی۔انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے غیر محسوس ثقافتی خزانوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی حمایت میں متحد ہو جائیں۔