نئی دہلی//پاکستان پر دباؤڈالنے کے مقصد سے مودی حکومت نے ملک کے حصہ کا پانی پاکستان جانے سے روکنے کا فیصلہ کیاہے۔آبی وسائل کے مرکزی وزیرنتن گڈکری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے پاکستان کی طرف جانے والے اپنے حصہ کا پانی روکنے کا فیصلہ کیاہے۔ہم مشرق کی ندیوں کے پانی کے رخ کو موڑیں گے اور اسکی سپلائی جموں کشمیر اور پنجاب کے لوگوں کے لئے کریں گے‘‘۔ ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ راوی ندی پر شاہ پورکنڈی میں باندھ کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔اس کے علاوہ یوجے ایچ پروجیکٹ میں ہم اپنے حصہ کا پانی جمع کریں گے اور اسکا استعمال جموں کشمیر کے لیے کریں گے۔باقی پانی راوی کے دوسرے راوی بیاس لنک کے ذریعہ ملک کے دیگر حصوں میں پہنچایاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ ان سبھی پروجیکٹوں کو قومی پروجیکٹس قراردیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ کثیرالمقاصد والے یوجے ایچ پروجیکٹ جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ہندستان اور پاکستان کے مابین سندھ آبی معاہدہ کے تحت ہندستان کو مشرقی ندیوں راوی ،بیاس اور ستلج کے پانی پر پورا حق ہے جبکہ پاکستان کو سندھ ،چیناب اور جہلم کے پانی کا اختیارملاہواہے۔