اپنی پارٹی کا سجاد لون کی حمایت کا اعلان پی سی چیئرمین کی طرف سے اظہارِ اطمینان

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//’جموں و کشمیر اپنی پارٹی‘ نے پیر کو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ پر سجاد گنی لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس کی حمایت کا اعلان کیا۔ یہ اعلان صدر سید الطاف بخاری نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ بخاری نے کہا کہ وہ سجاد لون کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایک نئے وژن کے ساتھ سیاست میں ایک نئے دور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پرانے سیاستدانوں کو سیاست سے ریٹائر ہونے پر غور کرنا چاہیے تاکہ اس نئے وژن کو جڑ پکڑنے دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی لڑائی ریاست کی بحالی اور ملازمت اور زمین کے حقوق کی بحالی کے لیے ہے۔ بخاری نے جیلوں میں بند بچوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کہ کچھ کو رہا کر دیا گیا ہے، تقریباً 1400 قید ہیں، اور وہ ان کی رہائی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔ لون نے ہفتے کو الطاف بخاری سے اپیل کی کہ شمالی کشمیر میں ووٹوں کی تقسیم کو روکیں اور ہمارا ساتھ دیں۔پیپلز کانفرنس چیئرمین سجاد لون نے الطاف بخاری کا حمایت دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔لون نے کہا کہ اپنی پارٹی کی حمایت کی پیشکش کے بعد، ان کا مثبت ردعمل “بہت سراہنی” رہا ہے۔لون نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا، میں بخاری اور اپنی پارٹی کے قائدین کا حمایت دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔