گاندربل//چھترگل کنگن کی آبادی نے اپنی مدد آپ کے مصداق ایک کلومیٹر سڑک خود تعمیر کی۔مقامی لوگوں نے گھر گھر جاکر چندہ جمع کرکے لگاتار 18 روز سے پیٹھ پورہ سے چک تک ایک کلومیٹر سڑک کو تعمیر کیا۔ چھترگل میں پہاڑی کے دامن میںایک ہزار نفوس پر مشتمل آبادی سڑک رابطے سے محروم تھی ۔مقامی لوگوں کے مطابق سرکارنے جب نظرانداز کیا تو انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس سڑک کو تعمیر کرنے کا فیصلہ لیا اور18روز کی محنت کے بعد سڑک قابل آمدورفت بن گئی۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے لئے درکار زمین مقامی آبادی نے ہی وقف کی جو ملکیتی اراضی ہے ۔چک چھترگل کے ایک باشندے عبدالرحمن میر نے کہا’’پیٹھ پورہ سے چک چھترگل تک اس ایک کلومیٹر سڑک کو تعمیرکرنے کیلئے ہم نے انتہائی سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پانچ دن جی سی بی مشین استعمال میں لانے کیلئے چندہ جمع کرنا پڑا‘‘۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ اب اس سڑک پر میکڈم بچھایا جائے۔اس ضمن میں ایس ڈی ایم کنگن شبیر احمد نے کہا کہ سڑک کی میکڈامائزیشن کیلئے وہ متعلقہ محکمہ سے بات کریں گے اورامید ہے کہ جلد کاروائی ہوگی۔