محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی میں ناچلانہ۔ مہو رابطہ سڑک گذشتہ رات آڑ مرگ کے مقام ملبے پر مشتمل پسی کی زد میں آگئی اور مہو منگت کے علاوہ ہزاروں خانہ بدوشوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے کوئی توجہ نہ پانے کے بعد مہو منگت اور آڑمرگ کے مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہلہ شیری کرکے منگل کی صبح بحالی کا کام شروع کیا اور شام ہونے سے پہلے پہلے سڑک کو قابل آمدورفت بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کے رکھ رکھاؤ کیلئے ذمہ دار محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے انتظار کے بجائے آڑ مرگ ، مہو ، ولو ، بجناڑی اور رتن کے علاقوں کے علاوہ ، مہو منگت اور اس کے پہاڑوں پر مال مویشی لیکر آئے ہزاروں خانہ بدوشوں کیلئے رسل و رسائل کے اس واحد رابطے کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے لوگوں نے بیلچوں کی مدد سے اس پسی کو ہٹانے کا کام منگل کی صبح سے شروع کیا ہے اور شام تک لوگوں کی طرف سے ہلہ شیری میں کئے گئے اس کام کی وجہ سے کھڑی تحصیل ہیڈکوارٹر اور مہو کے درمیان سڑک رابطہ کو دوبارہ بحال کیا جاسکا۔