عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں پولیس کی ٹیموں نے منگل کو بشناہ میں دوہرے قتل کیس میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے جس میں اس نے اپنی ماں اور نابالغ بیٹی کا قتل کیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ شام تقریباً پانچ بجے پولیس سٹیشن بشناہ میں اطلاع ملی کہ جگ دیو سنگھ عرف مائیکل نامی شخص نے اپنی رہائش گاہ مورچہ پور بشناہ میں اپنی ماں کملا دیوی اور اپنی تین ماہ کی بیٹی کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا ہے۔ملزم جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پلسرزیررجسٹریشن نمبر JK02CN۔ 0372 پرسوار ہوکرموقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ کو محفوظ کرلیا۔پورے علاقے کے تمام پولیس ناکوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ متعدد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور تمام ذرائع کو متحرک کر دیا گیا۔سخت کوششوں کے بعد، پولیس نے کہاکہ ٹیموں نے جرم کرنے کے تین گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ایس ایس پی جموں ڈاکٹر ونود کمارنے کہا کہ بشناہ دوہرے قتل کیس نے سب کو صدمے میں ڈال دیا کیونکہ ملزم نے اپنی ماں اور تین ماہ کی بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا اور معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزم کو تین گھنٹے میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے، قانونی کارروائی جاری ہے۔