اِکزز اقبال
زندگی کی تلخیوں اور آزمائشوں میں گرفتار انسان کا سفر اکثر مشکل اور پیچیدہ ہوتا ہے۔ یہ سفر انسان کو اندر سے خالی اور بے جان کر دیتا ہے۔ کچھ لوگ ان مشکلات کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جاتے ہیں، جب کہ کچھ لوگ وقت کے دباؤ میں ٹوٹ جاتے ہیں۔ ان کی روح پژمردہ ہو جاتی ہے اور وہ زندگی کے رنگین مناظر کو محسوس کرنے سے قاصر ہو جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے زندگی ایک بوجھ بن جاتی ہے اور وہ خود کو تنہائی کی گہرائیوں میں قید کر لیتے ہیں۔میری یہ باتیں ہر اس روح کے لیے ہے جو زندگی کی تلخیوں کی زد میں آ کر اپنا وجود کھو بیٹھی ہے، جو اپنی خوشیوں اور خوابوں کو بھلا بیٹھی ہے۔ یہ ان لوگوں کے لئے ہے جو دنیا کے طعنوں، زہر آلود جملوں اور ناپسندیدہ رویوں کی زد میں آ کر خاموش ہو چکے ہیں۔ ان کے لئے جو کبھی خوشیوں کا محور تھے، جن کی موجودگی ایک چراغ کی طرح روشنی بکھیرتی تھی، مگر اب وہ چراغ بجھ چکا ہے۔
یہ کہانی ان ہنستے مسکراتے چہروں کی ہے جو کبھی زندگی سے بھرپور تھے، مگر اب ان کی خوشیاں ماند پڑ چکی ہیں۔ وہ لوگ جو کبھی باتیں کرتے نہیں تھکتے تھے، مگر اب ان کی خاموشی چیخ چیخ کر ان کے دل کا حال بتا رہی ہے۔ ان لوگوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ ان کا اندرونی وجود دوبارہ زندہ ہونے کے لئے تڑپ رہا ہے۔ وہ وجود جو خوش رہنا چاہتا ہے، باتیں کرنا چاہتا ہے، اور زندگی کی روشنی کو محسوس کرنا چاہتا ہے۔
زندگی کے ان اندھیروں کو ختم کرنا ضروری ہے۔ یہ وقت ہے اپنے آپ کو تھامنے کا، اپنے دل کو سہارا دینے کا۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اندر کے اس وجود کو، جو روشنی میں واپس آنا چاہتا ہے، نئی زندگی دیں۔ اس کے لئے ہمیں اپنے آپ سے بات کرنی ہوگی، اپنے دل کی سُننی ہوگی اور اُن زخموں کو بھرنے کا عزم کرنا ہوگا جو وقت اور حالات نے دئیے ہیں۔زندگی میں مشکلات آتی ہیں، لیکن یہ مشکلات ہمیں توڑنے کے لیے نہیں بلکہ مضبوط بنانے کے لئے آتی ہیں۔ ہمیں یہ سیکھنا ہوگا کہ ہر اندھیرا روشنی کی طرف لے کر جاتا ہے اور ہر زخم ہمیں کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے۔ اپنے اندر کے اس وجود کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی روح کو ان اندھیروں سے نکالنا ہوگا، اپنے آپ کو معاف کرنا ہوگا اور دوسروں کی تلخیوں کو اپنے دل میں جگہ دینے کے بجائے محبتوں کے بیج بونا ہوگا۔
یاد رکھیں، آپ کےبُجھنے سے صرف آپ ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ آپ کے آس پاس کے لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں۔ آپ کی روشنی اُن کے لئے بھی اہم ہے۔ اپنی خوشیوں کو دوبارہ پانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے دل کو سکون دیں، اپنی روح کو نئی توانائی بخشیں اور اپنی زندگی کو ایک نئی سمت دیں۔یہ وقت ہے کہ آپ اپنی زندگی کے منظرنامے کو بدلیں، اپنی خوشیوں کو واپس لائیں اور اپنے آپ کو محبتوں اور روشنیوں کا مرکز بنائیں۔ زندگی کا ہر لمحہ قیمتی ہے اور آپ کو اس لمحے کو جینا چاہیے، محسوس کرنا چاہیے۔
سنو۔۔!آپ کے بجھنے سے ہر منظر دھندلا ہے،آپ کے اندر کا وجود چاہتا ہے کہ ؛ اسے روشنی میں واپس لاؤ،اسے زندگی کی طرف لانا آپ کے ذمے ہے ۔
اُٹھو۔۔۔ چلو۔۔۔!اور اس انسان کو دوبارہ زندہ کر دو!جو خوش ہونا چاہتا ہے ، بولنا چاہتا ہے،چھانٹ دو اندھیروں کو، تھامو ہاتھ اپنا،پھر سے خوشیوں کو جگہ دو آنگن میں،
محبتوں کے امین بن جاؤ۔۔۔ اور جی لو ہر منظر کو۔
اٹھیں اور اپنے آپ کو تھامیں اور اپنی زندگی کے ان گمشدہ رنگوں کو دوبارہ تلاش کریں۔ خود کو وہ خوشیاں دیں جن کے آپ حقدار ہیںاور اپنے دل کے آنگن کو محبتوں اور سکون سے بھر دیں۔ یہ زندگی ایک تحفہ ہے، اور اسے خوشیوں سے بھرپور گزارنا آپ کا حق ہے۔روشنی کی طرف واپسی ممکن ہے، اگر آپ اپنے دل سے عزم کریں اور اپنی زندگی کو نئی امیدوں سے سجائیں۔ آپ اپنی روشنی کو دوبارہ پا سکتے ہیں، اور یہی روشنی آپ کی زندگی کو مکمل کرے گی۔
(مضمون نگاراقبال مریم میموریل انسٹیٹیوٹ قاضی آباد میں پرنسپل ہیں)
(رابطہ۔ 7006857283)
[email protected]