نئی دلی//تعلیم اور سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے پنڈت برادری کی طرف سے اپنے بچوں کو ثقافتی اور ہیرٹیج روایات کے ساتھ جوڑے رکھنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ آرٹ ، ثقافت اور زبان کے ذریعے سے اپنی سرزمین کے ساتھ وابستہ رہتے ہیں وہ ہمیشہ زندہ جاوید رہتے ہیں۔وزیر موصوفہ نئی دلی میں جموں وکشمیر وچار منچ کی طرف سے منعقد کئے گئے گاشہ تارک نامی کے پی آئیڈل پروگرام کے دوران مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نئی پود کو اپنی جڑوں کے ساتھ جوڑے رکھنے اور ان کی شناخت برقرار رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔پریاسیٹھی نے کہا کہ کشمیر پنڈت طبقے کی اس کوشش کی بدولت یہ نوجوان نہ صرف اپنے طبقے کے سفیر بنیں گے بلکہ وہ ریاست کی منفرد ثقافت کو عالمی سطح پراجاگر کرنے میں بھی اپنا رول ادا کرسکیں گے۔انہوں نے جیتنے والے نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کہ یہ طبقہ پوری دنیا میں اپنے کلچر کو زندہ رکھنے کے مشن کو جاری رکھے گا۔ پریاسیٹھی نے کہا کہ کشمیری زبان ایک میٹھی زبان ہے اور کشمیری موسیقی نے ہمیشہ سامعین کو محظوظ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کشمیری پنڈت لڑکی نے حال ہی میں کے اے ایس امتحان پاس کیا جبکہ مختلف شعبوں میں پنڈت برادری کے رول کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے متعلقہ تنظیم کی طرف سے جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے اور اسے فروغ دینے کے لئے کی جارہی کوششوں کی بھی سراہنا کی۔بعدمیں وزیر موصوفہ نے جیتنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔