عظمیٰ نیوز ڈیسک
امرتسر// اپل نیورو ہسپتال رانی کا باغ کے بانی ڈاکٹر اشوک اپل ، پنجاب میڈیکل ایسوسی ایشن کے ممبراورانڈین اسٹروک ایسوسی ایشن کے خزانچی ڈاکٹر سلیل اپل نے اسٹروک آگاہی مہینے کے دوران ایک پروگرام میں بتایا کہ حال ہی میں ایک ملک گیر مہم’مشن‘ کی شروعات کی گئی،جسے آگے بڑھاتے ہوئے اب یہ مشن امرتسر میں شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد لوگوں کو فالج کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے جس کے تحت اپل ہسپتال کی ٹیم مختلف مقامات پر جا کر لوگوں اور مقامی ڈاکٹروں کو آگاہ کرے گی۔ڈاکٹر سلیل نے کہا کہ عالمی اعدادوشمار کے مطابق ہر چار میں سے ایک شخص فالج کا شکار ہو سکتا ہے اور اوسطاً ہر منٹ میں تین افراد فالج کا شکار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مریض کو فالج کے ساڑھے چار گھنٹے کے اندر ہسپتال لے جایا جائے جسے سنہرا وقت بھی کہا جاتا ہے جہاں نیورولوجسٹ، نیورو سرجن اور ایم آر آئی کی سہولتیں موجود ہوں تو مریض کو معذور ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فالج میں انجکشن ٹی پی اے مریضوں کیلئے باعث رحمت ہے۔ فالج کے بعد فزیوتھراپی بھی اہم کردار ادا کرتی ہے جس کی وجہ سے مریض معمول کی زندگی میں واپس آجاتا ہے۔