پہل سے مالی تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا گیا: وزیر اعظم
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// آیوشمان بھارت کے 7 سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کل اس بات کی تصدیق کی کہ آیوشمان بھارت کے ذریعہ لاکھوں شہریوں کے لیے سستے علاج، مالی تحفظ اور وقار کو یقینی بنا کر معیاری صحت کی نگہداشت تک رسائی کی نئی تعریف مرتب کی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرMyGovIndia کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا:آج ہم آیوشمان بھارت کی ساتویں سالگرہ منارہے ہیں ! یہ ایسی پہل تھی جس میں مستقبل کی ضروریات کا پیشگی اندازہ لگایا گیا اور لوگوں کے لیے اعلیٰ معیار کے ساتھ ساتھ سستی صحت کی نگہداشت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی تھی۔ اس کی بدولت، ہندوستان صحت عامہ کی نگہداشت میں ایک انقلاب دیکھ رہا ہے ۔ اس پہل سے مالی تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا گیاہے ۔ ہندوستان نے یہ کر دکھایا ہے کہ کس طرح پیمانہ، ہمدردی اور ٹیکنالوجی انسانی تفویض اختیارات کو مزیدمضبوط بنا سکتی ہے ۔اس طبی بیمہ اسکیم کے تحت سالانہ پانچ لاکھ روپے کا صحت کا تحفظ فراہم کیا جاتا ہے اور غریب اور 70 سال سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اس اسکیم کی بدولت حکومت کا صحت پر خرچ 29 فیصد سے بڑھ کر 48 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ مریض کا خرچ 63 فیصد سے گھٹ کر 39 فیصد رہ گیا ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا، لاکھوں خاندان بیماری کے دوران مالی مشکلات سے باہر آ گئے ہیں۔اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو شہریوں سے پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش پر ‘سوچھتا ہی سیوا مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ یکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے مسٹر مودی نے ملک بھر کے شہریوں سے ‘سوچھتا ہی سیوا مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس مہم کو ایک متاثر کن اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ اجتماعی ذمہ داری اور قومی فخر کے احساس کی عکاسی کرتا ہے ۔ اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے لکھاکہ “صفائی کا یہ اقدام بہت حوصلہ افزا ہے ۔ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اس مہم میں شامل ہونے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کرتا ہوں۔” ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں مسٹر مودی نے لکھاکہ “آئیے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے دکھائے گئے صفائی کے راستے پر چلتے رہیں اور 25 ستمبر کو صبح 8 بجے پنڈت دین دیال اپادھیائے کے یوم پیدائش پر، ہم سب مل کر صفائی کے مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے کام کریں۔ 25 ستمبر کو صبح 8 بجے سوچھتا اتسو میں شامل ہو کر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔”