پرویز احمد
سرینگر //آیوشمان بھارت کی صحت اسکیم کوتمام لوگوں تک پہنچانے کیلئے گولڈن کارڈ تیار کرنے کی سہولیات آن لائن دستیاب رکھی گئی ہے اور اب کوئی بھی شہری گھر بیٹھے گولڈن کارڈ تیار کرسکتا ہے۔ گولڈن کارڈ حاصل کرنے کیلئے خواہشمند افراد Setu.pmjay.gov.inکی ویب سائٹ پر راشن کارڈ اور آدھار کارڈ کی تفصیلات جمع کر کے بعد اپنا گولڈن کارڈ ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام شہریوں کے گولڈن کارڈ اگست کے آخرتک تیار کرنے کیلئے سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی نے گھر گھر جاکر آدھار کارڈ بنانے کی مہم بھی شروع کردی ہے۔
آیوشمان بھارت کی ترجمان نورین راجہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ دنوں پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ایم کے دیویدی نے جموں و کشمیر میں 100فیصد لوگوں کو صحت اسکیم کے دائرے میں لانے کیلئے گھر گھر جاکر آدھار کارڈ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتک جموں و کشمیر میں5لاکھ مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں جموں و کشمیر رورل لائو ہوڈ مشن کے ساتھ منسلک خواتین کے کنبوں کو صحت اسکیم کے دائرے میں لانے کیلئے بھی ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ گائوں گائوں آیوشمان‘‘ کے تحت سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی نے دور درا ز علاقوں جو شہری علاقوں سے موسمی صورتحال کی وجہ سے کٹے رہتے ہیں اور ان کو صحت اسکیم کے دائرے میں لاننے کیلئے گائو ں گائوں آشمان کی مہم شروع کی ہے۔