نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان آیوروید کے ذریعہ دنیا میں صحت کے شعبہ میں انقلاب لانے کی قیادت کرے گا۔مسٹر مودی نے یہاں دوسرے یوم آیوروید کے موقع پر ملک کے پہلے ''کل ہند آیورویدک ادارے '' کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح ہندوستان کی قیادت میں دنیا میں انفارمیشن ٹیکنولوجی میں انقلاب آیا ہے اسی طرح اب آیوروید کی قیادت میں دنیا میں صحت کے شعبہ میں بھی انقلاب آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنی مہارت اور صلاحیتوں کے دم پر دنیا میں اطلاعات کے شعبہ میں انقلاب لانے میں قیادت کی ہے اور اب وہ اپنی روایتی ادویات کے طریقہ کار آیور ویدک کے دم پر دنیا میں صحت کے شعبہ میں انقلاب کی قیادت کرے گا۔آیوروید صرف ایک ادویات کا طریقہ کار نہیں ہے ،اس کے دائرے میں سماجی صحت اور ماحولیات کی صحت بھی آتی ہے ۔یہ ایک ایسا طریقہ کار ہے جو مکمل انسانی نسل کو امراض سے دور اور صحت مند رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ آیوروید ہندوستان کے امیر ورثہ کا ایک حصہ ہے ۔جدید طبی طریقہ کار کے دور میں اس کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی وراثت اور روایت پر بھروسہ رکھیں اور ان پر فخر محسوس کریں۔کوئی بھی ملک اپنی وراثت اور پہچان چھوڑکر ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ایک دور میں ہماری وراثت اور روایات کو ختم کرنے کی مسلسل کوشش ہوئی جس کی وجہ سے ہمیں اپنی چیزوں پر بھروسہ کم ہونے لگا۔نتیجہ یہ ہوا کہ ہماری انٹیلیکچول پراپرٹی کو دوسروں نے پیٹنٹ کرلیا۔اب اسے روکنے کا وقت آگیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آیوروید اور یوگ کو دنیا میں الگ شناخت دلانے اور اس کی تشہیر کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں حالیہ ضرورتوں کے حساب سے ڈھالہ جائے ۔اس کے لئے آیورویدک دواؤں کی پیکجنگ اور طبی طریقہ کار کو بدلنا ہوگا۔ آج کل لوگوں کو بیماریوں کا فوراً علاج چاہئے اس لئے آیورویدک دواؤں کو بھی ایلوپیتھک دواؤں کی طرح فوراً نتائج پیش کرنے والی دواؤں کے طورپر بنائے جانے کے طریقے پر تحقیق کرنی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا آج صحت کے شعبہ میں ایسی خدمات کی تلاش کررہی ہے جو اپنے آپ میں مکمل ہوں۔وہ اس کے لئے ہندوستان کے یوگ اور آیوش طریقہ کار کی سمت بڑی امیدوں سے دیکھ رہی ہے ۔ملک میں ان کی ترقی اور توسیع کے لئے سرمایہ کاری کی بڑی ضرورت ہے ۔حکومت نے اسے توجہ میں رکھتے ہوئے صحت کے شعبہ میں سد فید غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دی ہے ۔مسٹر مودی نے کارپوریٹ شعبہ سے درخواست کی ہے کہ وہ یوگ اور آیوروید کو فروغ دینے کے لئے آگے آئیں اور اپنے کارپوریٹ اور سماجی فرض کے تحت کچھ پیسہ یوگ اور آیوروید کو فروغ دینے میں خرچ کریں۔