عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //جموں و کشمیر کے ممتاز اور جید عالم دین مولانا سید ذاکر حسین جعفری نے انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز سمیت چند میڈیا اداروں کی جانب سےآیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ای کی شان میں کی گئی توہین کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔مولانا جعفری نے کہاکہ’’ آپ نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لئے ایک عظیم، نڈر، اور بے باک رہنما ہیں۔ اْن کی قیادت اور بصیرت عالمی سطح پر مظلوم اقوام کے لئے روشنی کا مینار ہے، اور حتیٰ کہ غیر مسلم حلقے بھی ان سے عقیدت رکھتے ہیں‘‘۔انہوں نے ہندوستان ٹائمز کی جانب سے جاری کی گئی جھوٹی اور گمراہ کن خبر کو صحافتی اصولوں، اخلاقیات، اور عالمی مسلم قیادت کے خلاف ایک کھلی سازش قرار دیا اور کہا کہ یہ عمل مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی مجرمانہ کوشش ہے۔مولانا نے کہاکہ’’انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز نے امام خامنہ ای کی توہین کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں، بالخصوص شیعہ برادری کے دلوں کو زخمی کیا ہے۔ یہ عمل نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ قابلِ مواخذہ بھی ہے، جس کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہونی چاہیے‘۔انہوں نے آپ کی شخصیت اور ان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ’آیت اللہ خامنہ ای ایک بیدار مغز اور مدبر رہنما ہیں، جنہوں نے دنیا کی مظلوم و محکوم اقوام کو سامراجی نظام کے خلاف شعور اور ہمت عطا کی۔ ان کی قیادت نے دنیا کو حق و باطل کے درمیان تمیز سکھائی اور مظلوموں کو آواز دی‘۔مولانا جعفری نے میڈیا اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ’’یہ میڈیا چینلز ایران اور بھارت کے تاریخی دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ناپاک سازشیں کر رہے ہیں، لیکن وہ یہ جان لیں کہ ایران و بھارت کی دوستی اسرائیل کے وجود سے پہلے بھی قائم تھی اور آئندہ بھی قائم رہے گی، جبکہ اسرائیل کا وجود باقی نہیں رہے گا‘۔انہوں نے بھارتی حکومت اور متعلقہ ایجنسیوں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ’انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کے اْن ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے جنہوں نے یہ جھوٹا اور زہریلا پروپیگنڈہ کیا۔ انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ادارہ مسلم قیادت کے خلاف زہر افشانی کی جرات نہ کر سکے‘۔