اسلام آباد//پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاویدباجوہ نے مسائل کے تصفیہ کی خاطربات چیت کی وکالت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوپاک کے درمیان دیرینہ تلخیوںکو دور کرنے کی خاطر جامع اور بامعنی مذاکرات ناگزیر ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسائل کو مل بیٹھ کر ہی باہمی اور جامع مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ایہ مستحکم ایمان ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان آپسی تنازعات بشمول مسئلہ کشمیر کا پرامن حل جامع اور بامعنی مذاکرات کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔انہوں نے خطہ میں امن کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ امن کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے کہ امن کے نقیب کی حیثیت سے کام کیا جائے۔پاکستان حقیقی طور پر امن کا خواہاں ہے اور خطہ میں کشیدگی اور تنائو کو ختم کرنے کی خاطر بامعنی مذاکرات کا خواہاں ہے‘‘۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ’’ مذاکرات ہمیشہ عزت و وقار اور برابری کی بنیاد پر منعقد کئے جانے چاہیے‘‘۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر روابط اور تال میل کے حوالے سے فوجی جنرل نے کہا کہ ’’پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے جملہ ہمسایوں بشمول ہندوستان کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن ہماری طرف سے امن کی اپیل کو ملک پاکستان کی کمزوری سے تعبیر نہ کیا جائے‘‘۔