یو این آئی
جموں//جنوبی ضلع شوپیان کے چودھری گنڈگائوںمیں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں قتل کئے گئے کشمیری پنڈت کی جموں میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔صوبائی کمشنر جموں ، اے ڈی جی پی اور ڈپٹی کمشنر کے علاوہ آخری رسومات میں بیسیوں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے آنجہانی پنڈت کو رخصت کیا۔ پورن کرشن بٹ کی بن تالاب جموں میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ڈویژنل کمشنر جموں، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور ڈپٹی کمشنر جموں بھی اس موقع پر موجود رہے۔ آخری رسومات کے دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔اس موقع پرکشمیری پنڈتوں نے کہاکہ وادی میں تعینات کشمیری پنڈت ملازموں کو فوری طورپر سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔مذکورہ کشمیری پنڈتوں نے بتایا کہ ہمیں ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنا یاجارہا ہے اور انتظامیہ نے اس حوالے سے معنی خیز خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔راکیش بھٹ نامی کشمیری پنڈت نے اس موقع پر بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کو جموں میں ہی رہائشی سہولیات فراہم کی جائے کیونکہ کشمیر جانا ان کے لئے اب جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پورن کرشن بٹ کی ہلاکت سے پوری کشمیری پنڈت کیمونٹی گہرے صدمے میں ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جتنے بھی پنڈت ہیں انہیں فوری طورپر جموں روانہ کیا جائے۔ایک کشمیری پنڈت نے بتایا: ’کشمیری پنڈت کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے‘۔
آہوں اور سسکیوں کے بیچ | پورن کرشن بٹ کی آخری رسومات ادا
