سرینگر//ہند،پاک کرکٹ ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ کے بعد آگرہ میں گرفتار کئے گئے3 کشمیری طلبہ کے اہل خانہ نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے بچوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا ایک کنبہ جمعہ کو پریس کالونی میںنمودار ہوا جنہو ں نے مطالبہ کیا کہ آگرہ میں گرفتار کئے گئے ان کے بیٹے کو رہا کیا جائے ۔شوکت احمد گنائی کے اہل خانہ نے کہا ’’ ان کے بیٹے کو جرم بے گناہی میں آگرہ میں حراست میںلیا گیا ہے‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ شوکت احمد ایک غریب کنبے سے تعلق رکھتا ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آگرہ میں تھا ۔ شوکت احمد کی والدہ حفیظہ اخترنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’ میں سرکار سے اپیل کر تی ہوں کہ میرے بیٹے کو معاف کر کے انہیں رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکے‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ انکا بیٹا،ان کیلئے ایک ہی امید ہے اور وہ اسے سلاخوں کے پیچھے نہیں دیکھ سکتی ۔ گرفتار طالب علم کی والدہ نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کریں اور انکے بیٹے کی رہائی ممکن بنانے میں اپنا رول ادا کریں ۔