عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے جمعہ کے روز راجوری کے ایس آف سپیڈ ڈویژن ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران گریٹر کشمیر / کشمیر عظمیٰ کے راجوری-پونچھ کے نامہ نگار سمت بھارگو کو ان کی جرات مندانہ صحافتی خدمات پر اعزاز سے نوازا۔یہ تقریب آپریشن سندور کے موقع پر خدمات انجام دینے والے نمایاں افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی، جس میں 25 اہم شخصیات کو اعزازات دیے گئے۔ اعزاز یافتگان میں ضلع راجوری اور پونچھ کے ڈپٹی کمشنرز، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل، دیگر افسران، سول سوسائٹی نمائندگان اور پانچ صحافی شامل تھے۔فوج کی جانب سے اعزاز پانے والے صحافیوں میں گریٹر کشمیر سے سمت بھارگو، دینک جاگرن سے گگن کوہلی، گلستان ٹی وی سے جمشید ملک، اے این آئی سے نریندر سنگھ تلوار، اور جی این ایس سے ایم ایس نازکی شامل تھے۔تقریب کے دوران فوجی افسران نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران جب سرحدی علاقوں میں حالات سخت تھے، ان صحافیوں نے نہ صرف زمینی حقائق کو درست انداز میں اجاگر کیا بلکہ شہری آبادی کے مسائل کو حکام تک پہنچا کر ان کے حل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔فوج نے اعتراف کیا کہ ان صحافیوں نے ہر سطح پر ذمہ دارانہ صحافت کی مثال قائم کی، اور عوام و انتظامیہ کے درمیان رابطے کا مؤثر پل بنے۔ ان کی کوششوں نے مشکل حالات میں عوام کی ہمت بڑھائی اور درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔اس موقع پر جی او سی، میجر جنرل کوشک مکھرجی نے کہا کہ ’صحافیوں کی خدمات ہمیشہ قابلِ احترام رہتی ہیں، مگر جب وہ خطرناک حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، تو یہ واقعی قابلِ ستائش ہوتا ہے‘۔