محمد تسکین
بانہال // بانہال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے آپریشن سندور میں دہشت گردوں پر فوج کی کامیاب کاروائیوں کا جشن منایا اور جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک ترنگا ریلی نکالی ۔ ترنگا ریلی کی قیادت بی جے پی ضلع صدر اور سابقہ ممبر اسمبلی رام بن نیلم کمار لنگیہ اور بی جے پی جنرل سکریٹری محمد سلیم بٹ نے کی۔ اس موقع پر منڈل صدر بانہال دانش اقبال چودھری ، مبارک گیری ، عبدالمجید کھانڈے اور سابقہ فوجی عبد الجبار بھی موجود تھے۔ آپریشن سندور کی جیت کا جشن منانے کیلئے ترنگا ریلی میں بی جے پی کے کئی لیڈروں، کارکنوں ، سابق فوجیوں اور سکول کے بچوں نے شرکت کی اور قصبہ بانہال سے گزرنے والی شاہراہ پر ترنگا ریلی نکالی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آپریشن سندور دہشت گردوں کے خلاف فوج کا کامیاب آپریشن ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن سندور کو جاری رکھا جانا چاہئے ۔ ریلی میں پاکستان اور پاکستان کی حمایت والی دہشت گردی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ انہوں نے فوج اور وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے دشمن کے خلاف لگائی گئی کاری ضرب کی پذیرائی کی گئی اور آئندہ دہشت گردی کے کسی بھی واقع کے ردعمل میں پاکستان کے مزید اندر گھس کر حملہ کرنے کے فوج اور حکومت کے عزم کو سراہا گیا ۔