یواین آئی
بنگلور// ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے آپریشن سندور کے دوران پانچ پاکستانی جنگی طیاروں اور ایک دیگر طیارے کو مار گرایا۔ فضائیہ کے سربراہ نے یہاں منعقدہ پروگرام میں کہا کہ اس بات کی پختہ اطلاع ہے کہ فضائیہ نے پانچ پاکستانی جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے۔ اس کے علاوہ ایک بڑے طیارے کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جو کہ غالباً الیکٹرانک انٹلیجنس (ایلنٹ) یا ایئر بورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول کا طیارہ تھا، جسے تقریباً 300 کلومیٹر کے فاصلے سے نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے سب سے زیادہ فاصلے کے ہدف کو نشانہ بنانے کا واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستانی فوج ہمارے ایئربیس کو نشانہ بنا رہی تھی، اس لیے فضائیہ نے فیصلہ کیا کہ ہمیں رات کا انتظار کیے بغیر اس کا جواب دینا چاہیے۔فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستان کے فضائی دفاعی سسٹم نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ حال ہی میں خریدا گیا ایس-400 سسٹم اس معاملے میں گیم چینجر ثابت ہوا۔ اس کی رینج نے پاکستانی طیاروں کو دور رکھنے میں مدد کی۔ایئر چیف مارشل نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے مرید اور چکلالہ میں دو پاکستانی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، کم از کم چھ بڑے اور چھوٹے راڈار، دو ایس اے جی ڈبلیو سسٹم، دو رن وے، تین ہینگر کو تباہ کیا ہے جن کے اندر کچھ طیارے بھی موجود تھے۔
آپریشن کیوں روکا گیا؟ | فضائیہ کے سربراہ کے انکشاف پر کانگریس کا سوال
یواین آئی
نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ فضائیہ کے سربراہ کا نیا انکشاف اور بھی چونکا دینے والا ہے اور اس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کس کے دباؤ میں وزیراعظم نریندر مودی نے آپریشن سندور کو روکنے کا فیصلہ کیا؟ کانگریس نے کہا ہے کہ فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ کے انکشاف سے واضح ہے کہ جب پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا تو وزیر اعظم کو بتانا چاہئے کہ کس کے دباؤ میں آکر اچانک آپریشن سندور کو روک دیا گیا۔کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’ہفتہ کے روز ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ کے نئے انکشاف کے بعد، یہ امر سب سے زیادہ چونکا نے والا ہے کہ وزیر اعظم نے 10 مئی کی شام اچانک آپریشن سندور کو کیوں روک دیا؟ وزیر اعظم پر دباؤ کہاں سے آیا اور انہیں اتنی جلدی کیوں جھکنا پڑا۔‘‘واضح رہے کہ فضائیہ کے سربراہ نے ہفتہ کے روز بنگلور میں کہا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ نے آپریشن سندور کے دوران پانچ پاکستانی جنگی طیاروں اور ایک دوسرے طیارے کو مار گرایا تھا۔
امرپریت سنگھ کے اس انکشاف پر کانگریس نے وزیر اعظم کو گھیرنے کی کوشش کی ہے اور ان سے سوال پوچھا ہے کہ آخر آپریشن سندور کو کیوں روکا گیا؟